نیوکراچی: فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے 8 افراد جاں بحق،30 سے زائد زخمی

549

 نیوکراچی صبا سینما کے قریب فیکٹری میں کرسٹل آئس بوائلر پھٹنے سے 7افراد جاں بحق اور 15زخمی ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے فیکٹری کی چھت گرگئی، ملبےکے نیچے آکر کئی افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں، زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیےقریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچنے کے بعد امدادی کارروائیوں میں مصروف ہوگئی، جن کا  کہنا تھا کہ ملبے کے نیچے ابھی مزید لوگ دبے ہوئے ہیں، ہلاکتوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔

حادثہ پیش آنے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نےفیکٹری کے اردگرد عام لوگوں کی پیش رفت بند کردی ہے۔

بوائلرپھٹنے کا دھماکہ اتنا جاندار تھا کہ اطراف کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور فیکٹری کے آس پاس کھڑی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

فیکٹری ملازمین  کا کہنا تھا کہ  دھماکے کے وقت 70سے زائد افراد فیکٹری کے اندر موجود تھے،دھماکے کی وجہ سے آس پاس کی بھی 2سے 3فیکٹریاں تباہ ہوئی ہیں،ابھی بھی متعدد افراد ملبے تلے دبے ہیں ۔

کراچی ایڈمنسٹریٹر نے کہا کہ  جاں بحق ہونے والوں اور زخمی ہونے والوں کو عباسی اسپتال پہنچایا جارہاہے، عباسی اسپتال میں لواحقین کی آسانی کے لیے ایمرجنسی ڈیسک قائم کردی ہے جہاں سے متاثر افراد کی معلومات حاصل کی جاسکتیں ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نیو کراچی میں فیکٹری میں پھٹنے والے بوائلر کانوٹس لیتے ہوئے لیبر ڈیپارٹمنٹ سے رپورٹ طلب کی ہے۔