سال2021: واٹس ایپ صارفین کے لیے اچھی خبر

578

کیلی فورنیا: ویڈیو کال سروس زوم اور گوگل میٹ کی رواں سال مقبولیت کے بعد اب سماجی رابطوں کی مشہور ایپ واٹس ایپ نے بھی اپنے صارفین کے لیے ڈیسک ٹاپ پر ویڈیو کی سہولت متعارف کروانے کا اعلان کردیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق فیس بک ان کارپوریشن کی میسجز ایپلیکیشن واٹس ایپ ترجمان کا کہنا تھا کہ واٹس ایپ اپنا وائس اور ویڈیو کال کرنے کا آپشن ڈیسک ٹاپ پر اگلے سال متعارف کروائے گا جبکہ بڑی سکرین پر ویڈیو کال کی سہولت سے واٹس ایپ ویڈیو کانفرنسنگ کی بڑی سروس جیسے زوم اور گوگل میٹ کے مقابلے آجائے گا۔

واٹس ایپ کے عہدیدار نے کہا کہ گوگل میٹ اور زوم جیسی بڑی کمپنیوں کے مقابلے کے لیے ہم نہ صرف تیار ہیں بلکہ اس کا عملی ثبوت آئندہ سال کے آغاز میں پیش کردیں گے۔

عہدیدار نے بتایا ہے کہ بہت جلد ڈیسک ٹاپ پر واٹس ایپ استعمال کرنے والے صارفین کو نئی سہولت دستیاب ہوگی جس کے بعد کمپیوٹر پر ایپلیکیشن استعمال کرنا مزید آسان ہوجائے گا۔

واٹس ایپ کے دنیا بھر میں دو ارب سے زیادہ صارفین ہیں اور اسے ذاتی فون کالز کے لیے عام طور پر استعمال کیا جاتا ہے البتہ زوم اور گوگل میٹ کو ذاتی فون کالز کے لیے اس طرح استعمال نہیں کیا جاتا۔

ڈیسک ٹاپ پر ویڈیو کال سروس واٹس ایپ نے تجربے کے طور پر کچھ صارفین کو دی ہوئی ہے جبکہ اس اقدام کے بارے میں سب سے پہلے ٹیکنالوجی کے بلاگ ویب بیٹا انفو نے رپورٹ کیا تھا۔

واضح رہے کورونا وائرس کی پہلی لہر میں جب دفاتر بند ہوئے اور لوگوں نے اپنی دفتری اور ذاتی سرگرمیاں گھروں تک محدود کر لیں، اس وقت زوم اور گوگل میٹ کی مقبولیت آسمان کو چھونے لگی تھی اور دفاتر کے کاموں سے لے کر شادی بیاہ کی تقریبات تک، سب ویڈیو ایپ زوم پر ہو رہا تھا جبکہ اب وائرس کی دوسری لہر کے دوران بھی لوگ یہ کرنا جاری رکھ رہے ہیں۔

دوسری جانب جمعے کو زوم ویڈیو کمیونیکیشنز انکارپوریشن کا کہنا تھا کہ وہ موجودہ چھٹیوں کے دنوں کے لیے مفت پر چلنے والے اکاؤنٹس پر سے 40 منٹ کی پابندی ہٹا رہا ہے۔

اسی طرح گوگل میٹ کا بھی کہنا ہے کہ اس کے مفت میں سروس استعمال کرنے والے صارفین مارچ تک 60 منٹ کی حدود سے زیادہ بات کرسکتے ہیں۔

یاد رہے واٹس ایپ کے عہدیدار  کا کہنا تھا کہ ہمیں اس بات کا یقین ہے کہ آئندہ سال کے اوائل میں یہ سروس عام صارفین کے لیے بھی دستیاب ہوگی تاکہ وہ کمپیوٹر پر ملاقاتیں، آن لائن تدریس اور کاروبار کرسکیں۔