چیف جسٹس داخلہ ٹیسٹ کا ازخودنوٹس لے کر کالعدم قرار دیں، حافظ نعیم

395

کراچی : جماعتِ اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ پی ایم سی کے تحت ہونے والے انٹری ٹیسٹ میں سنگین غلطیوں کا نوٹس لے کر ٹیسٹ کو کالعدم قراردیں اور کمیشن بناکر ملوث افراد کو سزادیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے سندھ کے میڈیکل کالجز و یونیورسٹی میں داخلہ ٹیسٹ میں  ناانصافی کا شکار ہونے والے طلباء کے ہمراہ ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے بھی میڈیکل کے طلبہ کا مسئلہ حل کرنے کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں کیے جا رہے ہیں۔

امیر کراچی کا کہنا تھا کہ  سندھ حکومت کی نااہلی کے باعث وفاق پی ایم سی کے ذریعے تمام پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں مافیا کو مسلط کر رہا ہے، پاکستان میڈیکل کونسل کے 6رکنی بورڈ میں پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے افراد شامل ہیں۔

انہوں نے سندھ حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے کہ پاکستان میڈیکل کونسل کے 6رکنی بورڈ میں کوئی سرکاری ادارے کا فرد کیوں شامل نہیں ہے؟  اس صورتحال کے ذمہ دار وزیر اعظم ہیں، حکومت میں موجود مافیاز ملک کو تباہ کر رہی ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید  کہا کہ  جماعت اسلامی پہلے بھی طلبہ کی آواز بنی تھی اور آئندہ بھی ان کے حقوق کیلئے جدوجہد کرتی رہے گی،ہم طلبہ کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کیلئے قانونی کارروائی کے لیے عدلیہ کا دروازہ بھی کھٹکھٹا ئیں گے۔