ملک چلانا موجودہ حکومت کے بس کی بات نہیں رہی‘ راشد نسیم

111
نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی غربی کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کررہے ہیں

لاہور( نمائندہ جسارت )نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا کہ کرکٹ کا ماہر اور کرکٹ سے شہرت کی بلندیاں حاصل کرنے والے وزیراعظم کرکٹ کو بھی نہیں ٹھیک کرسکاتو معیشت کیسے سنوارے گا‘ جب سے یہ حکومت آئی ہے پاکستان شکست پر شکست کھا رہا ہے‘ وزیراعظم کرکٹ میں بہتری لے آتے توشاید ان کی ساکھ بہتر ہوجاتی‘مدینہ کی ریاست کے دعوے کرنے والوں نے ہر چیز تباہ کر دی ہے۔ غربت مہنگائی ،بے روزگاری اور بدامنی میں بے پناہ اضافہ ہو ا ہے۔ عوام مایوس ہیں َجبکہ حکمران اب بھی تارے توڑ لانے کی باتیں کرتے نہیں شرماتے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ کراچی غربی کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے سب سے زیادہ نوجوانوں کے ارمانوںکا خون کیا ہے‘ایک کروڑ نوکریاں دینے کا اعلان کرکے 35 لاکھ سے زیادہ لوگوں سے روزگار چھین لیا گیا اور 50 لاکھ لوگوں کو چھت مہیا کرنے کے دعویداروں نے ہزاروں لوگوں کو بے گھر اور دربدر کردیاہے۔انہوںنے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے سیرت و کردار کو اسلام کے سانچے میں ڈھالیں۔انہوںنے کہا کہ نوجوان ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ چاہتے ہیں۔