پاکستان کا بھارت میں اپنے شہریوں کے قتل پر تحقیقات کا مطالبہ

393

اسلام آباد: پاکستان نے بھارت میں 11پاکستانیوں کے قتل کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھادیا، تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

نجی چینل کی رپورٹ کے مطابق انتہاپسند مودی کے بھارت میں 9اگست 11پاکستانیوں کو قتل کیا گیا تھا، متاثرہ خاندان کو انصاف دلانے لیے پاکستان نے اقوام متحدہ کی ذیلی تنظیم انسانی حقوق کمیشن کو خط ارسال کردیا۔

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے خط میں لکھا ہے کہ ہندوستان میں پاکستانی ہندؤوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جو ناحق ہے،  مودی سرکار نے اب تک واقعہ سے متعلق معلومات فراہم کیں اور نہ ہی لاشوں کو لواحقین کے سپرد کیا گیا، واقعہ کی انکوائری پر بھارت تعاون کے بجائے لیت ولعل سے کام لے رہاہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ بھارت ظالمانہ روش اختیار  کی ہوئی ہے، ویانا کنونشن بھی عالمی انسانی حقوق کی خلاف ورزی تھی،پاکستانی ہندؤوں کے قتل پر اقوام متحدہ اپنی نگرانی میں ایک کمیٹی تشکیل دے کر تحقیقات کروائے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کو اس بات کا پابند کیا جائے کہ انسانی حقوق کمیشن کی ٹیم کو آزادی کے ساتھ تحقیقات کرنے کی اجازت دے  اور کسی قسم کی بھی رکاوٹ کھڑی کرنے سے گریز کرے، بھارت عالمی قوانین کے تحت پاکستانی ہندؤوں کی میتیں متاثرہ لواحقین کے حوالے کرے۔