کورونا وائرس: ممبئی میں نائٹ کرفیو کا اعلان

547

کورونا وائرس کی عالمی وبا اور نئے وائرس کی دریافت کے بعد احتیاطی طور پر بھارتی شہر ممبئی کے شہری علاقوں میں نائٹ کرفیو کے نفاذ کا اعلان کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رات کے کرفیو کے نفاذ کی ایک وجہ کرسمس اور نئے سال کی آمد پر حسب روایت منایا جانے والا جشن بھی ہے۔ اعلان کردہ کرفیو کا نفاذ 22 دسمبر 2020 سے پانچ جنوری 2021 تک کے درمیانی عرصے میں ہو گا۔ کرفیو رات 11 بجے سے صبح 6 بجے تک نافذ العمل رہے گا۔

ریاستی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ یورپ سے آنے والے تمام مسافروں کو آئندہ 14 روز تک قرنطینہ میں گزارنے ہوں گے جبکہ دیگر ممالک سے آنے والے مسافروں کو لازمی طور پر اپنے گھروں پہ قرنطینہ کرنا ہو گا۔

بھارتی ریاست مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ نے صرف ایک دن قبل کہا تھا کہ ریاست میں حالات بہترہیں اور کرفیو سمیت لاک ڈاؤن کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

وزیراعلیٰ نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ نئے سال کے جشن کے دوران احتیاط برتیں۔ کورونا وائرس کی نئی قسم دریافت ہوئی ہے جس کی وجہ سے کئی ممالک نے لاک ڈاؤن کیا ہے کیونکہ اس سے بچاؤ کا اور کوئی متبادل نہیں ہے۔