حکومت لانگ مارچ کے استقبال کے لیے تیار ہے،شیخ رشید

105
اسلام آباد: وزیرداخلہ شیخ رشید احمد اپنے حلقہ انتخاب کے معززین سے خطاب کررہے ہیں

راولپنڈی(صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جس کا دل کرتا ہے لانگ مارچ کر لے، لانگ مارچ کے استقبال کے لیے تیار ہیں، جنہوں نے استعفے فروری میں دینے ہیں وہ کل استعفے دے کر شوق پورا کریں، وزیر اعظم عمران خان قوم کو آگے لے کر جائیں گے۔اتوار کوراولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مجھ پر اعتماد کیا ہے،100 روزمیں وزارت داخلہ میں تبدیلی ہوگی،اس وقت 10 ممالک میں شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے اجرا کا انتظام ہے،دنیا بھر میں وزارت خارجہ سے مل کر شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھجوائیں گے، ایک لاکھ شناختی کارڈ روز جاری ہوں گے جب کہ پہلا مفت ہوگا،تمام تحصیلوں میں شناختی کارڈ دفاترکھولے جائیں گے، جو تحصیلیں رہ گئی ہیں وہاں ہر ہفتے ایک دفتر کھولیں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈنکے کی چوٹ پر کہتا ہوں کہ عمران خان5برس پورے کریں گے، پاکستان ہی نہیں بلکہ وہ دنیا کی قیادت میں نام پیداکریں گے جس کا دل چاہتا ہے لانگ مارچ کرے، جس کا دل چاہتا ہے آئے ہم استقبال کے لیے تیارہیں ،اپوزیشن نے فروری میں استعفے دینے ہیں یہ کل دے لیں۔انہوں نے کہاکہ معاشی اور سیاسی بحران میںاللہ تعالیٰ کو منظور ہوا تو عمران خان قوم کو آگے لے کر جائے گا، ایک تاریخی فتح ہو گی، عمران خان نہ صرف5 برس پورے کرے گا بلکہ وہ ملک کی معیشت کو بھی ٹھیک کرے گا۔