شیخ شوکت علی نے اقامت دین کیلیے زندگی وقف کی( سراج الحق کا تعزیتی ریفرنس سے خطاب)

172

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ جماعت اسلامی ایک عالمی اسلامی تحریک ہے جودنیا بھر میں باطل نظام اور طاغوتی قوتوں سے نبرد آزما ہے ، ہمارا بیانیہ اللہ کی زمین پر اللہ نظام ہے شیخ شوکت علی راہ حق کے سچے سپاہی تھے جن کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ان خیالات اظہار انہوںنے مبارک مسجد حیدرآباد میں شیخ شوکت علی، احمد جمال اعجاز ،پروفیسر عبدالجبارعابد،ڈاکٹر راؤ ثمین،مولانا عبدالقدیر، عبدالقادر،پروفیسر حکیم الدین، ولی محمد قریشی،شیخ محمد علی کے حوالے سے منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ شیخ شوکت علی ، احمد جمال اعجازی ودیگرمرحومین راہ حق کے سپاہی تھے جن کی زندگیاں ہمارے لیے مشعل راہ ہیں یہ وہ لوگ ہیں جنہوںنے اپنی زندگیوں کو دین کے لیے وقف کردیا اب ان کے بچوں کی ذمے د اری ہے کہ وہ اپنے بزرگوںکے لیے صدقہ جاریہ بنیں اور تحریک کا حصہ بن کراسلام کے مورچے سنبھالیں ،جماعت اسلامی ایک خاندان کی مانند ہے اور ہر کارکن اس خاندان کا حصہ ہے انہوںنے کہاکہ شیخ شوکت علی گفتار کے نہیں کردار کے غازی تھے اللہ نے انہیں بے شمار خوبیوں سے نوازا تھا۔جس نے پوری زندگی اقامت دین و عوام کی خدمت کے لیے جدو جہد کی۔ انہوںنے کہا کہ دنیا بھر کی باطل قوتیں ہم سے پریشان ہیں وہ کہتے ہیں کہ آپ اسلام کے عملی نفاذ کے نعرے سے دستبردار ہوجائیں ، استعماری قوتوں کو مسلمانوں کی مساجدمیں عبادات سے نہیں غلبہ دین سے خوف ہے۔ سراج الحق نے کہاکہ ایک پی ٹی آئی کا بیانیہ ہے اور پی ڈی ایم کا ۔ہمارا بیانیہ اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام ہے، ہم ٹرمپ، بش کا نہیں نظام مصطفیﷺ چاہتے ہیں۔کیا اب بھی وقت نہیں آ یا کہ ذاتی مفاد ات کی بجائے قومی مفاد کی خاطر ملک و ملت کی بہتری کے لیے ووٹ و سپورٹ کو استعمال کریں تاکہ آنے والی نسلوں کا مستقبل روشن اور قیام پاکستان کا حقیقی مقصد شرمندہ تعبیر ہوسکے۔ انہوںنے کہاکہ حیدرآباد سندھ کا تاریخ شہر جو کہ ٹھنڈی اورخوشگوار ہواؤں کا شہر تھا آج گندگی کا ڈھیر اور تعفن زدہ ہوگیا ہے اب یہ حیدرآباد کی عوام کی ذمہ داری ہے وہ ماضی کی غلطیوں سے سبق حاصل کریں اور انصاف نظام کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسداللہ بھٹو نے کہاکہ شیخ شوکت علی ایک سچے ، نڈر،دین داراور استقامت والے انسان تھے انہوںنے کبھی اپنے کاروبار کو جماعت کے کاموں پر ترجیح نہیں دی کئی وہ اطاعت نظم کی بہترین مثال تھے ۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی حافظ نصراللہ عزیز،صوبائی قیم کاشف سعید شیخ،نائب قیم صوبہ حافظ طاہر مجید،عبدالوحیدقریشی،ضلعی جنرل سیکرٹری ظہیر الدین شیخ ودیگر بھی موجود تھے ۔