بلوچستان: ہرنائی میں کوئلے کے کان میں حادثہ، دو کان کن ہلاک

436

کوئٹہ: پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں کھوسٹ کوئلے کے کان میں پیش آنے والے حادثے میں 2 کان کن جاں بحق ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق  بلوچستان کے علاقے ہرنائی کھوسٹ کوئلہ کان میں مٹی کا تودہ گرنے سے حادثہ پیش آیا اور واقعے میں دو کان کن جاں بحق جبکہ تین کو زخمی حالت میں باہر نکال دیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ہرنائی کے علاقے کھوسٹ کوئلہ کان مائنز ایریا میں کوئلہ کان میں مٹی کا تودا گرنے سے کان کا ایک حصہ بیٹھ گیا جس وقت مٹی کا تودہ گرا اس وقت کان کے اندر پانچ کان کن کام کررہے تھے جبکہ حصہ بیٹھ جانے کے باعث کان میں کام کرنے والے کان کن اندر ہی پھنس گئے۔

مقامی لوگوں اور کوئلہ کانوں میں کام کرنے والے کان کنوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا جبکہ کان میں دم گھٹنے سے دو مزدوروں کی لاشیں نکالی گئیں جبکہ تین کانکن مزدوروں کو زندہ حالت میں نکال لیا گیا۔

ہرنائی انتظامیہ کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں عادل شاہ اور افخار احمد شامل ہیں جن کا تعلق خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ سے ہے۔

واضح رہے اس سے پہلے بھی سہولیات کی عدم فراہمی اور آگاہی نہ ہونے کے باعث کئی قیمتی جانیں ضائع ہوچکی اور ہوتی رہتی ہیں جبکہ ان کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کا زیادہ تر کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع سوات اور اس سے متصل دیگر علاقوں اور   افغانستان سے تعلق رکھنے والےشہری بھی کام کرتے ہیں۔

خیال رہے بلوچستان میں دوسری صنعتیں نہ ہونے کی وجہ سے کوئلے کی کانکنی یہاں کی سب سے بڑی صنعت ہے اور بلوچستان میں زیادہ تر کوئلے کی کانیں کوئٹہ، کچھی، ہرنائی اور لورالائی میں ہیں جہاں  ہزاروں مزدور بالواسطہ یا بلاواسطہ ان کوئلہ کانوں سے وابستہ ہیں جبکہ مزدور تنظیموں کا کہناہےکہ کوئلہ کانوں میں جدید حفاظتی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے کان کنوں کی زندگیوں کو ہروقت خطرہ لاحق رہتا ہے اور یہی وجہ ہےکہ کوئلے کی کانوں میں پیش آنے والے حادثات کے باعث ہر سال کان کنوں کی ایک بڑی تعداد ہلاک اور زخمی ہوتی ہے۔