عثمان وزیر اور بی ایس لوپیز کے درمیان باکسنگ کا سخت مقابلہ، عثمان وزیر ایشین فاتح

296

کراچی: ایشین بوائے عثمان وزیر نے اپنا ایشین باکسنگ ٹائیٹل برقرار رکھا، ویلٹر ویٹ کی بیلٹ کے مقابلے میں انڈونیشیا کے ایس بی لوپز کو تکنیکی بنیاد پر شکست دی۔

تفصیلات کے مطابق  پاکستان میں اپنی نوعیت کے پہلے پروموشن پروفیشنل باکسنگ شو میں دلچسپ مگر یکطرفہ مقابلے ہوئے جو پیپلز اسپورٹس کمپلیکس لیاری میں  منعقدہ کیے گئے جس میں حسین شاہ پروموشن فائٹ آف چیمپئنز کے مقابلوں میں کومین کے سوپر فیدر ویٹ میں پاکستان کے آصف ہزارہ نے انڈونیشیا کے جیک کو دوسرے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کردیا دوسری طرف کومین کی لائٹ ویٹ فلائٹ میں پاکستان کے کامران وہاب نے افغانستان کے عبداللہ کو دوسرے راؤنڈ میں ہی ناک آؤٹ کردیا۔

میڈیا کے مطابق شو کی پہلی فائٹ ٹیم اسد اللہ نے جیت لی، اسد اللہ نےسپر بینٹم ویٹ میں اسامہ ملک کو شکست دے دی، سکندر عباسی نےفیدر ویٹ میں لیاری بوائے نعمان کو دوسرے روانڈ میں ٹیکنیکل ناک آوٹ کردیا، لائٹ ویٹ میں ظہور عباس نے عقیل اصغر کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کردیا، پاکستان کے شریف آفریدی اور افعانستان کے احمد سمیر کے درمیان مقابلہ اسپلٹ ڈراہوگیا، ویلٹر ویٹ مقابلے میں عبدالروف نے حسن بلوچ کو دوسرے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کردیا۔

خیال رہےعثمان وزیر اگلے سال یوتھ ورلڈ کپ میں حصہ لیں گے جبکہ پاکستان اور افغانستان کے تین، تین اور انڈونیشیا کے دو باکسرز نےشرکت کی اور انڈر کارڈ فائٹس میں پاکستانی باکسرز نے شاندار باکسنگ کا مظاہرہ کرکے حریفوں کو پچھاڑا۔

واضح رہے  ایشین ٹائٹل کیلئے فائٹ ہوئی دفاعی چیمپئن عثمان وزیر اور انڈونیشیا کے بی ایس لوپیز کے درمیان ہوئی  جس میں پانچ راؤنڈ تک دونوں باکسرز کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا جس کے دوران کوئی بھی ہار ماننے کو تیار نہ تھا ، چھٹے راؤنڈ کے دوران انڈونیشین باکسر عثمان وزیر کے زوردار پنچ پر گرے اور پھر گھٹنے کی تکلیف کے سبب دوبارہ نہ اُٹھ سکے، یوں ٹیکنیکل ناک آؤٹ کی بنیاد پر عثمان وزیر اعزاز کا دفاع کرنے میں کامیاب رہے۔

عثمان کا کہنا تھا کہ اب ان کا اگلا ہدف یوتھ ورلڈ چیمپئن شپ ہے جبکہ سابق اولمپئن باکسر حسین شاہ کا کہناتھا کہ وہ ورلڈ چیمپئن شپ کیلئے عثمان کو جاپان میں ٹریننگ دلائیں گے۔

دوسری جانب فائٹ آف چیمپئن کے مہمان خصوصی گورنر سندھ عمران اسماعیل تھے،  عمران اسماعیل کاکہنا تھا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل باکسنگ کے مقابلوں کا انعقاد خوش آئند ہے اور مستقبل میں ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو مناسب تربیت اور اسپانسر شپ دیں گے جبکہ مہمان خصوصی گورنر سندھ نے عثمان وزیر کو ٹائیٹل بیلٹ دی اور عثمان بےحد خوش اور اگلی فائیٹ کے لئے پرعزم ہے ۔