امارات نے ایف-35 حاصل کرنے کیلئے اپنی خودمختاری داؤ پر لگا دی

575

متحدہ عرب امارات نے امریکی F-35 طیاروں کی خریداری پر اسرائیلی تحفظات کو دور کرنے کیلئے اپنی خود مختاری کو داؤ پر لگادیا۔

غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق متحدہ عرب امارات نے امریکہ کو یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ خریدے گئے امریکی F-35 طیاروں کے حوالے سے اسرائیل کو لاحق تحفظات دور کرنے کیلئے اسے اپنی فوج کی نگرانی کی اجازت دے دے گا۔

ابوظہبی نے امریکہ سے کہا ہے کہ اسرائیل اپنے تحفظات دور کرنے کے لئے امریکہ کی جانب سے اماراتی پائلٹس کو دی جانے والی ٹریننگ کی نگرانی کرسکتا ہے۔

متحدہ عرب امارات نے امریکہ کو یہ پیشکش بھی دی ہے کہ اماراتی پائلٹس کی ٹریننگ کے بعد بھی اسرائیلی پائلٹس، امارات کے F-35 طیارے کے استعمال کے شیڈول پر مکمل نگرانی رکھ سکتے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جانب سے دی جانے والی اس پیشکش پر امریکہ نے رضامندی ظاہر کردی ہے۔

واضح رہے کہ عرب ممالک کو بیچے جانے والے F-35 طیارے غاصب صیہونی حکومت کو حاصل F-35 طیاروں کی نسبت کم جنگی وسا‏ئل کے حامل ہیں جبکہ دوسری جانب امریکہ کے امارات کو ایف-35 طیارے دینے پر اسرائیل شدید مخالفت کررہا ہے۔