میکسیکو: سابق گورنر ریستوران کے باتھ روم میں قتل

592

قتل و غارت اور دنگا فساد کے حوالے سے میکسیکو کی بدنام مغربی ریاست جلیسکو کے سابق ​​گورنر ایرسٹوٹلز سنڈووَل کو ساحل سمندر پر بنے تفریحی مقام پورٹو والارٹا میں ریسٹورنٹ کے باتھ روم میں گولی مار کر قتل کردیا گیا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ریاستی اٹارنی جنرل ، جیرارڈو اوکاویو سولوس نے بتایا کہ جمعہ کے روز دوپہر 1 بج کر 40 منٹ کے قریب ایرسٹوٹلز اپنی میز سے اٹھ کر بیت الخلا گئے تھے۔ قاتل نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کا پیچھا کیا اور باتھ روم میں ہی اُن کی پیٹھ میں گولی مار دی۔

سینڈوول کو تشویش ناک حالت میں ریستوران سے باہر نکالا لیکن باہر اور دو حملہ آور موجود تھے۔ سینڈوول کے گارڈز اور حمل آوروں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک گارڈ مارا گیا تاہم گارڈز سابق گورنر کو ہسپتال لے جانے میں کامیاب ہوگئے جہاں انہوں نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔

تفتیش کاروں کے مطابق اس قتل کو سرانجام دینے میں کافی منصوبہ بندی کی گئی ہے  جس کا مطلب ہے کہ مہینوں نہیں تو ہفتوں تک حملہ آور موقع کی تلاش میں رہے ہوں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سابق گورنر کے حلقے میں کوئی ایسا شخص ضرور ہوگا جو ان کی تمام نقل و حرکت کو جانتا تھا اور جس نے معلومات آگے فراہم کی ہوں گی۔