دبئی: ماں کی موت پر کمپنی سے چھٹی نہ ملنے پر ملازم بےقابو ہوگیا

499

ہندوستان سے تعلق رکھنے والا 38 سالہ شخص دبئی کی ایک کمپنی میں ملازم تھا۔ حال ہی میں ہندوستان میں مذکورہ شخص کی ماں کا انتقال ہو گیا تھا جس پر اُس نے کمپنی سے اپنی ماں کی تدفین کی آخری رسومات میں شرکت کے حوالے سے چھٹیاں مانگی تھیں تاہم کمپنی نے چھٹی دینے سے انکار کردیا تھا۔

گلف نیوز کی خبر کے مطابق ماں کی موت اور چھٹی نہ ملنے پر ایمپلائی نے شدید ڈپریشن کے نتیجے میں اپنے 22 سالہ آفس کولیگ پر چاقو سے حملہ کردیا۔

ساتھی ملازم نے بتایا کہ اس نے اس سال اگست میں اپنے ساتھیوں سے کہا تھا کہ ان کی کمپنی 22 ملازمین کو ہندوستان بھیجے گی تاہم فہرست جاری ہونے پر ملزم کا نام شامل نہ تھا۔

متاثرہ ملازم نے بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ملزم نے مجھ سے پوچھا کہ ہندستان بھیجے جانے والے لوگوں کی فہرست میں اس کا نام کیوں نہیں ہے۔ اس نے یہ بھی کہا کہ اُس کی ماں بہت بیمار ہے اور اسے گھر جانے کی ضرورت ہے جس پر میں نے اسے بتایا کہ اس پر میں فیصلہ نہیں لے سکتا۔ اگلے دن ملزم نے مجھے بتایا کہ اُس کی ماں کا انتقال ہوگیا ہے۔ وہ غصے میں تھا اور اپنے کمرے میں چلا گیا۔ کچھ منٹ بعد وہ چاقو لیکر آیا۔ اس نے میرے پیٹ اور سینے پر 11 بار وار کیے۔ وہ شراب کے نشے میں تھا۔

دیگر ساتھیوں کے مطابق حملہ آور گزشتہ ایک سال سے گھر جانے کیلئے کمپنی سے چھٹی مانگ رہا تھا۔ وہ ماں کے بیمار ہونے سے کافی پریشان تھا اور ان کی موت کی خبر کے بعد بے قابو ہو گیا تھا۔ وہ حملہ کرتے وقت ماں کی آخری رسومات میں اپنی شرکت نہ کرنے پر ساتھی کولیگ کو قصوروار ٹھہرا رہا تھا۔

دبئی پولیس نے کمپنی, متاثرہ شخص اور حملہ آور کی شناخت ظاہر کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ ملزم کو گرفتار کرکے اس پر قتل کی کوشش کا مقدمہ درج کردیا گیا ہے۔