مصر کو اسلحہ فراہم کرنے پر میکرون نے دوٹوک جواب دے دیا

336

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہا ہے کہ وہ مصر کو ہتھیاروں کی فروخت کو انسانی حقوق سے مشروط نہیں کریں گے۔

غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق فرانسیس صدر نے مصر کو اسلحے کی فراہمی سے متعلق کہا کہ وہ مصر کو اسؒلحہ فراہم کررہے ہیں کیونکہ وہ خطے میں مصر کی انسداد دہشت گردی کی قابلیت کو کمزور نہیں کرنا چاہتے۔

اس سے قبل فرانسیسی اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی 17 تنظیموں نے مصری صدر سیسی کے فرانس کے دورے سے قبل ایک بیان جاری کیا تھا جس میں اُن کا کہنا تھا کہ میکرون سیسی حکومت کی جانب سے حقوق آزادی کی خلاف ورزیوں پر آنکھیں بند کر رہے ہیں۔

میکرون کا سیسی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ میں ان (انسانی حقوق سے متعلق) اختلافات پر مصر سے دفاعی اور معاشی تعاون کو معطل ہیں کروں گا۔

واضح رہے کہ فرانسیسی وزارت خارجہ کی جانب سے 17 نومبر کو شائع ہونے والے ایک بیان میں مصر میں انسانی حقوق کو فروغ دینے والی تنظیم ، مصری اقدام برائے ذاتی حقوق (ای آئی پی آر) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد بشیر کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا جس پر مصری وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ فرانس کی جانب سے یہ بیان مصر کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور قانونی بالادستی پر حملہ کرنے کے مترادف ہے۔۔