مفتی زرولی خان انتقال کرگئے، نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی

905

کراچی: جامعہ احسن العلوم کراچی کے مہتمم معروف علمی شخصیت شیخ الحدیث والتفسیر حضرت مفتی زر ولی خان انتقال کرگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مفتی زر ولی خان کافی دنوں سے علیل ہونے کے سبب کراچی کے اسپتال میں زیر علاج تھے،  مرحوم کی نمازجنازہ کل 8 دسمبر کوبعد نمازظہرادا کی جا ئے گی۔

نمازجنازہ جامعہ احسن العلوم سردارعلی صابری روڈ گلشن اقبال بلاک دو کے قریب جامعہ احسن العلوم سے متصل گراؤنڈ میں ادا کی جا ئے گی۔

جمعیت علمااسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن،امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق، مفتی تقی عثمانی سمیت دیگر  علماؤں نے مولانا مفتی زرولی خان کے انتقال پراظہارافسوس کرتے ہوئے ان کی ناگہانی رحلت کوناقابل تلافی نقصان قراردیا ہے۔

شیخ الحدیث والتفسیر حضرت مفتی زر ولی خان نے1978میں احسن العلوم کی دینی درسگاہ قائم کی، پوری زندگی درس وتدریس سے وابستہ رہے،کئی کتب کے مصنف ،ہزاروں علما کے استاذ، درس تفسیر وحدیث میں منفرد مقام حاصل تھا، مرحوم سے استفادہ کیلئے ملک بھر سے طلبہ آتے تھے۔

حضرت مفتی زر ولی خان ضلع صوابی کے قصبہ جہانگرا1953 میں پیدا ہوئے ، علوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن گرومندر سے سند فراغت حاصل کی ، مولانا یوسف بنوری ، مولانا عبداللہ کاکاخیل جیسے اکابرین آپ کے اساتذہ میں شامل ہیں۔

مذہبی اور سیاسی وسماجی لوگوں نے  شیخ الحدیث والتفسیر حضرت مفتی زر ولی خان  کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ ان کی تمام دینی وسماجی خدمات کو اپنی بارگاہ میں قبول فرماکر ان کیلئے توشہ آخرت بنائے اور لواحقین پسماندگان کو صبر جمیل سے نوازے۔