سائٹ زون کی مخدوش صورتحال کا نوٹس لیا جائے،سلیم قریشی

190

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر سلیم الدین قریشی نے حیدرآباد سائٹ ایریا کی زبوں حالی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حیدرآباد سائٹ بہت بڑا انڈسٹریل زون ہونے کے باوجود اِس پر سائٹ حکام کی عدم توجہی انتہائی افسوسناک ہے، سائٹ ایریا کی محذوش صورتحال سندھ انڈسٹریل ٹریڈنگ اسٹیٹ لمیٹڈ کے حیدرآباد میں نمائندہ افسر اسٹیٹ انجینئر ہیں جو حیدرآباد سائٹ زون کی سڑکوں، گلیوں، نالے نالیوں کی تعمیر و مرمت کی طرف قطعاً توجہ نہیں دیتے، کھلے نالے اور نالیوں کا پانی بہنے سے سڑکوں پر بڑے بڑے گڑھے بن چکے ہیں جس کے سبب ٹرک اور بڑے ٹرالر کا اِن پر آئے دن حادثات معمول بنتے جارہے ہیں۔ ٹنڈو محمد خان روڈ کی جانب تعمیر شدہ بڑے نالے کی جانب پی ڈبلیو ڈی نے سڑک اونچی کردی ہے لیکن ٹنڈو محمد خان روڈ سے سائٹ ایف بی آر کی طرف آنے والا روڈ بہت نیچا ہے جہاں گڑھوں کے علاوہ سیوریج کا پانی بھرا رہتا ہے، جن کے سبب ہیوی ٹرالرز انڈس پہاڑی کی جانب سے آتے ہیں جن کی وجہ سے انڈس چاڑی پر پھنس جاتے ہیں اور بدترین ٹریفک جام کا سبب بنتے ہیں۔ آٹو بھان روڈ سے انڈس پہاڑی تک ٹریفک جام معمول بنتا جارہا ہے، ایک نجی شاپنگ مال کے قریب سڑک پر کاروں اور موٹر سائیکلوں کی پارکنگ بھی اِس میں معاون ہے، عوام اور صنعتکار وہاں گھنٹوں کھڑے رہتے ہیں۔ سال 2020-21ء کا آدھا سال گزرنے کے باوجود سندھ انڈسٹریل ٹریڈنگ اسٹیٹ کی جانب سے کوئی ترقیاتی کام دیکھنے میں نہیں آیا، معلوم ایسا ہوتا ہے کہ جون کے ماہ میں تمام بجٹ کاغذات پر کھپا دیا جائے گا۔ اُنہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو اور منیجنگ ڈائریکٹر سندھ انڈسٹریل ٹریڈنگ اسٹیٹ لمیٹڈ پرویز احمد بلوچ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر حیدرآباد سائٹ زون کی محذوش صورتحال کی جانب توجہ دیں اور یہاں کی سڑکیں اور بغیر نالوں اور نالیوں کی تعمیر و مرمت کا کام مکمل کرائیں اور اسٹریٹ لائیٹس کا بندوبست کرائیں۔