پی ڈی ایم فیصلہ کرے تو ن لیگ کے استعفے حاضر ہیں ، رانا ثنا

162

 

لاہور (نمائندہ جسارت)مسلم لیگ(ن)کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہاہے کہ کثیر الجماعتی کانفرنس میں نواز شریف نے عہد کیا تھا کہ لیگی پارلیمانی رہنما استعفا دینے کو تیار ہیں، اب پی ڈی ایم فیصلہ کرے تو مسلم لیگ (ن)کے استعفے حاضر ہیں، لاہور جلسہ ہر صورت ہوگا، بنی گالا میں چھپے کورونا کو نکال کر اس کا علاج کریں گے،ارشد ملک کا انتقال ہوچکا، ان کو اب اور ارشد ملک نہیں ملیں گے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا
ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اسپیشل کورٹس میں بیٹھے سارے ججز کو یہ ارشد ملک بنانے کے لیے ان کے اثاثوں سے متعلق انکوائری کرتے ہیں اور اگر کوئی ان کی بات نہ مانے تو یہ واٹس ایپ پر اسے تبدیل کردیتے ہیں۔انہوں نے 13 دسمبر کو لاہور جلسے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ مینار پاکستان ضرور بھرے گا، پورے ملک سے لوگ لاہور کا رخ کریں گے اور اپوزیشن کی تحریک کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں گے۔ اب عمران خان کورونا کے پیچھے یا جدھر مرضی چھپ جائیں ہم انہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف جس طرح لندن سے قیادت کر رہے ہیں اس سے بہتر کوئی نہیں کرسکتا، ہماری درخواست ہے کہ وہ وہاں اپنا علاج مکمل کرائیں اور وہیں سے ان لوگوں کا علاج بھی مکمل کریں اور اس کے بعد تشریف لائیں۔ حکومت کواپنے ہتھکنڈوں کا نتیجہ بھگتنا پڑے گا، ہم نے سروں پر کفن باندھ لیے ہیں اور یہ تحریک جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ کب تک یہ کورونا کے پیچھے بھاگیں گے، ملتان میں جلسے سے پہلے کورونا کورونا کرتے رہے جلسے کے بعد کورونا چلا گیا، یہ بہت شرارتی کورونا ہے جب جلسہ ہوتا ہے تو یہ نکل آتا ہے جلسے کے بعد بنی گالا میں جاکر چھپ جاتا ہے، بنی گالا میں چھپے کورونا کو باہر نکالیں گے اور اس کا علاج مکمل کریں گے۔ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن)میں کوئی اختلاف نہیں، یہ پوری طرح متحد ہے اور مریم نواز اس کی بہتر انداز میں قیادت کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرے خلاف انہیں کوئی ثبوت نہیں ملا، میرے سارے اکاؤنٹس منجمد کردے یہاں تک کہ قومی اسمبلی میں اکاؤنٹ بھی منجمد کردیے گئے ہیں شاید اسد قیصر منشیات کا کوئی کاروبار کرتے ہیں اور وہ پیسے میرے اکاؤنٹ میں بھیجتے ہیں۔