مینار پاکستان پر پی ڈی ایم کی سیاسی لاشوں کا پوسٹ مارٹم ہوگا ، فردوس عاشق

221

 

 

لاہور(نمائندہ جسارت)وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مینار پاکستان پر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کی سیاسی لاشوں کا پوسٹ مارٹم ہو گا کیونکہ حکومت ان بازوؤں کے زور اور طاقت کو آزمانا چاہتی ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ذہنی و جسمانی معذوری کا شکار افراد کے خلاف پہلی مرتبہ ایسی جامع پالیسی منظور کی جو ان وی آئی پی افراد کے لیے معیاری تعلیم، صحت، سفر، رہائش، کھانے، ذریعہ معاش، تفریح اور بہتر نشوونما کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے
جڑے نظام کی عکاسی کرتی ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایک طرف ان افراد کو قدرت کی طرف سے جسمانی و ذہنی معذوری دی گئی ہے، دوسری جانب سیاسی و ذہنی مریض اور اخلاقی معذور ہیں اور یہ پی ڈی ایم کا وہ ٹولہ ہے جو آج کل ذہنی اور اخلاقی معذوری کا شکار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ایسی معذوری ہے جو انسان کو ناصرف تنزلی بلکہ انسانیت کے لیے خطرہ پیدا کررہی ہے، اس معذوری کا شکار پی ڈی ایم کے ٹولے نے ان عوام سے بدلہ لیے کا فیصلہ کیا ہے جنہوں نے انہیں مسترد کردیا تھا، انہیں کورونا کے آگے دھکیل دیا ہے اور عوام کو اپنی خواہشات کا ایندھن بنا کے اس کورونا کی بھٹی میں جھونک کر اپنے مفادات کا تحفظ کرنا چاہتے ہیں۔معاون خصوصی نے مزید کہا کہ سیاسی منظرنامے کو اپاہج کر کے عوام کو سیاسی غلام بنایا اور ہم سیاسی غلامی کا شکار ان معصوم عوام کو وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں اس سیاسی غلامی سے بھی نجات دلائیں گے اور سیاسی معذوری کا شکار ان ذہنی معذوروں کا بھی بہتر طریقے سے علاج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کہیں بھی نہیں جارہی بلکہ ضمانت منسوخ ہونے کے بعد مریم نواز اپنے اصل گھر جیل جائیں گی تاہم یہ عدالت نے طے کرنا ہے کہ ان کی ضمانت کب منسوخ ہو رہی ہے ، کیوں کہ ہم نہیں چاہتے اپوزیشن کا کورونا علاج کریں بلکہ ہم تو ان کا آئینی عدالت سے علاج چاہتے ہیں۔ مریم نواز جو روز سیاسی چٹکلے چھوڑ رہی ہے کہ حکومت گھر جارہی ہے لیکن حکومت کہیں نہیں جارہی ہے۔