گورنرسندھ کا گوادر پورٹ کا دورہ‘مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ

119

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ عمران اسماعیل نے گوادر پورٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے کمانڈر ویسٹ رئر ایڈمرل جواد احمد اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ کمانڈر ویسٹ پاک بحریہ نے گورنرسندھ کو گوادر پورٹ کی آپریشنل تیاری، مستقبل کے جاری منصوبوں اور اس سے متعلق دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ اداروں کی کارکردگی قابل تحسین اور ان کا وژن لائق ستائش ہے۔ان کا کہنا تھا کہ راہداری منصوبہ ترقی
کے نئے دور کا آغاز ہے، سی پیک سے گوادر پورٹ کی اہمیت بہت بڑھ چکی ہے، یقیناگوادر پورٹ معاشی ترقی کا گیٹ وے ثابت ہوگا۔ سی پیک منصوبہ تکمیل کے بعد گوادر اور کراچی پورٹس کا کلیدی کردار ہوگااور قومی معیشت میں یہ دونوں پورٹس اقتصادی انجن ثابت ہوں گے۔علاوہ ازیں گورنرسندھ نے صوبے کے ثقافتی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہر قوم کی اپنی اپنی ثقافت ہوتی ہے اور دنیا کی قدیم ترین ثقافتی تاریخ میں ہماری سندھی ثقافت نمایاں مقام رکھتی ہے۔