کارکن کسی بھی فکری و نظریاتی تحریک کا اثاثہ ہوتا ہے،حسین محنتی

262

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ کسی بھی فکری و نظریاتی تحریک کا کارکن قیمتی اثاثہ ہوتا ہے۔ محمد ہارون الرشید جماعت اسلامی کے ایک مثالی کارکن اور دعوت و تحریک کا عملی نمونہ تھے جن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبا آڈیٹوریم میں صوبائی دفتر کے ذمے دار محمد ہارون
الرشید مرحوم کی یاد میں منعقدہ تعزیتی اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ جن کا حال ہی میں کورونا وبا سے متاثر ہو کر انتقال ہو گیا تھا۔ تعزیتی ریفرنس سے جماعت اسلامی سندھ کے ناظم عمومی محمد دین منصوری، الخدمت سندھ کے صدر ڈاکٹر تبسم جعفری ، سہیل احمد اور سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا نے بھی خطاب کیا جبکہ صوبائی نائب قیم محمد مسلم سمیت الخدمت و جماعت اسلامی کے صوبائی دفتر کے کارکنان اور مرحوم کے دوست احباب بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔سینئرصحافی اورروزنامہ جسارت کے چیف رپورٹرواجدحسین انصاری نے اپنی خوبصورت آواز میں ہدیہ نعت رسول مقبول ؐ پیش کیا۔محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ محمد ہارون الرشید مرحوم صوبائی دفتر کی جان اور پہچان تھے، وہ ہر کام احساس ذمے داری اور رضائے الٰہی کے حصول کے لیے کرتے تھے، انہوں نے جماعت اسلامی کے دفتر میں مرتے دم تک اقامت دین اور خدمت خلق سے سرشار ہوکر ایک مشن سمجھ کر کام کیا ۔ الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے صدر سید تبسم جعفری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہارون الرشید مرحوم مثالی، رول ماڈل اور مشنری جذبے کے تحت کام کرنے والے کارکن تھے۔ ایسے لوگ تحریک و معاشرے کے لیے قابل قدرو قابل تحسین ہوتے ہیں ۔ ناظم عمومی مولانا محمد دین منصوری نے کہا کہ مرحوم حقیقی معنوں میں مولانا مودودیؒ کے سپاہی کا کردار ادا کرکے اپنے خالق حقیقی سے جا ملے اور ہمارے لیے درخشندہ مثال قائم کی ۔صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا نے کہا کہ مرحوم اعلیٰ اخلاق، تحریکی مزاج اور نظم وضبط کے پابند تھے، سادگی حسن اخلاق ملنساری اور خوش اخلاقی ان کو ورثے میں ملی تھی۔ آخرمیں جماعت اسلامی سندھ کے بزرگ رہنما عبدالعزیزغوری،شعبہ مالیات کے معاون محمد سرور کے ہم زلف لئیق الرحمن کی اہلیہ اورہارون الرشید سمیت دیگر مرحومین کی مغفرت درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔