۔122ارب کی حکومتی ڈکیتی پر نیب خاموش ہے،سعید غنی

114

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ مافیا کی حکومت نے عوام کو اربوں روپے کا ٹیکا لگایا ہے لیکن نیب اس پر خاموش ہے۔ صرف ایل این جی گیس کی بروقت خریداری نہ کرنے اور گیس کے بجائے فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار پر اس قوم کی جیب پر 122 ارب روپے کا ڈاکا ڈالا گیا ہے، چیئرمین نیب کواپنا دعویٰ پورا کرنا ہے تو گیس، چینی، آٹا، بجلی سمیت دیگر بحرانوں کے ذمے دار وزیر اعظم اور وفاقی وزرا کیخلاف ریفرنس دائر کرنے ہوں گے۔ پی ڈی ایم کی تحریک منصوبے کے مطابق جاری ہے،13دسمبر کو لاہور میں جلسہ ضرور
ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنے کیمپ آفس میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی اور خالد لطیف بھی ان کے ساتھ تھے۔ سعید غنی نے کہا کہ نیب ایک جانب کسی اخبار کی جھوٹی خبر کو جواز بنا کر سیکرٹری تعلیم کو تو نوٹس دے دیتا ہے لیکن اربوں روپے کی واضح کرپشن اور تمام تر شواہد کے باوجود خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔ سلیکٹڈ وزیر اعظم اور ان کے وزرا نے اپنے اے ٹی ایم کو مالی طور پر مستحکم کرنے کیلیے چینی، آٹا، گندم اور پیٹرول جیسے اسکینڈل بنائے اور تمام تر شواہد کے باوجود 2 سال میں ملک کے خزانے اور عوام پر اضافہ 1000 ارب روپے سے زاید بوجھ ڈالے اور اس پر نیب کی خاموشی ہمیں نیب نیازی گٹھ جوڑ معلوم ہوتی ہے۔