عوامی ورکرز کے زیراہتمام جزائزرپرقبضے کے خلا ف مارچ

99

کراچی (اسٹاف رپورٹر)عوامی ورکرز پارٹی سندھ نے نجکاری و مہنگائی، سندھ بلوچستان کے جزائر و زمینوں پر قبضوں، جبری گمشدگیوں اور جاگیردارانہ نظام کے خلاف جبکہ زرعی اصلاحات کے حق میں ہفتہ کو کراچی میں ریگل چوک سے فوارہ چوک تک ’’سندھ عوامی مارچ‘‘ کیا۔مارچ میں وفاقی صوبائی اور شہری قیادت کے ساتھ ساتھ کراچی حیدرآباد لاڑکانہ سکھر گھوٹکی سانگھڑ سمیت سندھ کے تمام علاقوں سے کارکنان نے بھاری تعداد میں شرکت کی۔ اس کے علاوہ نیشنل پارٹی، عوامی جمہوری پارٹی، جئے سندھ محاذ، کمیونسٹ پارٹی پاکستان، پی پی پی شہید بھٹو سمیت بائیں بازو کی مختلف تنظیموں نے شرکت کی۔مارچ سے خطاب کرتے ہوئے عوامی ورکرز پارٹی کے وفاقی صدر یوسف مستی خان نے کہا کہ سندھ کسی وفاقی ادارے کی جاگیر نہیں، سندھ سندھی عوام کا ہے، مزدور کا ہے کسان کا ہے تنخواہ دار طبقات کا ہے اور ہم وفاقی حکومت کو سندھ کے جزائر پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔وفاقی حکومت فوری طور پر صدارتی آدڈیننس کو واپس لے ورنہ ایسا نہ ہو کہ عوام کا رد عمل حکومتوں کو بھی بہا کر لے جائے۔