جسٹس سجاد علی شاہ کاانڈسٹریل سپورٹ پیکج کیس کی سماعت سے انکار

394

اسلام آباد(آن لائن)عدالت عظمیٰ نے انڈسٹریل سپورٹ پیکج سے متعلق کے الیکٹرک سمیت مختلف درخواستوں پر سماعت کے موقع پر وفاق اور نیپرا سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 14 دسمبر سے شروع ہونیوالے ہفتے تک ملتوی
کردی جبکہ جسٹس سجاد علی شاہ کی طرف سے ذاتی وجوہات کی بنا پر کیس سننے سے معذرت کرنے کے سبب نئے بینچ کی تشکیل کے لیے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوا دیا گیا ہے۔مقدمے کی سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔دوران سماعت نجی کمپنی کے وکیل نے موقف اپنایا کہ اس کیس میں نیپرا سمیت کچھ فریقین کو نوٹس جاری نہیں ہوئے،کیس میں 115 سے زائد اپیلیں ہیں،معاملہ وفاقی حکومت کے جولائی 2019ء کو صنعتوں کے لیے انڈسٹریل سپورٹ پیکج کے اعلان سے شروع ہوا۔انڈسٹریل سپورٹ پیکج جنوری 2020ء کو ختم کر دیا گیا۔ 3 روپے فی یونٹ سبسڈی بقایا جات کے ساتھ واپس لیے جانے پر صنعتوں نے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دی تھی۔ سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف مختلف صنعتوں اور فیڈریشن نے عدالت عظمیٰ میں درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔