مقبوضہ کشمیر ، نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں انتخابی امیدوار زخمی

352

سری نگر(اے پی پی)بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیرمیںنامعلوم مسلح افراد نے ضلع اسلام آباد میں ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کے انتخابات کے ایک امید وار کو گولی مار کر زخمی کر دیا ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے ضلع کے علاقے ساگام میں بھارتی وزارت داخلہ کی حمایت یافتہ اپنی پارٹی کے امید وار انیس الاسلام کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔جسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیاگیا ہے۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں سابق کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے ان کے ساتھ بہت بڑا دھوکا کیا ہے، دفعہ 370کو غیر قانونی اور غیر آئینی طریقے سے منسوخ کیاہے۔ بھارتی پارلیمنٹ کوبھی اس قانون کو منسوخ کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ کشمیر میں اس وقت خوف اور جبر کا ماحول قائم ہے ، کشمیریوں کا دم گھٹ رہا ہے اور انہیں اس بات کا یقین ہی نہیں ہو رہا ہے کہ بھارتی حکومت نے ان کے ساتھ بہت بڑا دھوکا کیا ہے۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ کشمیر کو ایک قید خانے میں تبدیل کیا گیا ہے جہاں لوگوں کو اپنی بات کہنے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا جاتااور نہ ہی یہاں لوگوں کو پر امن احتجاج کی اجازت حاصل ہے۔