جے یو آئی بے نظیر آباد کا وفاقی حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

277

نواب شاہ( نمائندہ جسارت)جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر صدر پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کی ہدایت پر جے یو آئی ضلع بینظیر آباد کی طرف سے ملتان میں پی ڈی ایم کے کارکنو ں سے ناروا سلوک اور پر تشدد کارروائی کے خلاف احتجاجی جلوس ضلعی دفتر اللہ والی مسجد سے ضلعی امیر قاری عبدالقیوم چنہ مولانا عبدالکریم بروہی مولانا شفیق احمد جمالی کی قیادت میں شہر کے مختلف چوکوں اور چوراہوں سے ہوتا ہوا پریس کلب نوابشاہ پر اختتام پذیر ہوا ۔احتجاجی جلوس میں جے یو آئی رہنما کارکنوں شہریوں اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی اور بینر اٹھا ئے ہوئے تھے جن میں تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف نعرے درج تھے جبکہ شرکاء حکومت کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔اس موقع پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے قاری عبدالقیوم چنہ مولانا عبدالکریم بروھی مولانا شفیق احمد جمالی مفتی محمود احمد کورائی مولانا عبداللہ بروھی قاری وزیر احمد خاصخیلی مولانا احسان اللہ موروجو مولانا احسان اللہ چانڈیہ مولانا عبدالحق کھوسہ مولانا احمد حسین جمالی و دیگر نے کہا کہ سلیکٹڈ نے پہلے کشمیر کا سودا کیا اب وہ اسرائیل کو تسلیم کرکے فلسطین کا سودا کرنا چاہتا ہے ۔کٹ پتلی وزیر اعظم امت مسلمہ کا سودا کرنا چاہتا ہے لیکن ہم ایسا کرنے نہیں دیں گے۔