قائداعظم ٹرافی،سلمان علی آغا چوکوں ،چھکوں کے ساتھ 89 رنز کی اننگز

149

کراچی (اے پی پی) قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون کے چھٹے رائونڈ کا تیسرا روز مکمل ہونے پر سندھ نے سینٹرل پنجاب کے خلاف 432 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 4 وکٹوں پر 152 رنز جبکہ بلوچستان نے 400 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنالئے،ناردرن کو سدرن پنجاب کے خلاف میچ جیتنے کے لیے 200 رنز درکار ہیں۔نیشنل اسٹیڈیم میں قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون کے چھٹے رائونڈ کے میچ میں جمعہ کو سندھ نے سینٹرل پنجاب کے خلاف 432 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 4 وکٹوں پر 152 رنز بنالیے، سعد علی 24 اور شہزر محمد 26 رنز کے ساتھ چوتھے روز کھیل کا آغاز کریں گے ۔ شرجیل خان نے سندھ کی جانب سے138گیندوں پر 11چوکوں اور3چھکوں کی مدد سے 89 رنز کی اننگز کھیلی اور وہ رن آئوٹ ہوئے ۔ اسد شفیق بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہو گئے ۔ سینٹرل پنجاب کی جانب سے وقاص مقصود، حسن علی اور قاسم اکرم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل سینٹرل پنجاب کی ٹیم دوسری اننگز میں 247 رنز پر آل آئوٹ ہو ئی تو اسے 431 رنز کی برتری حاصل ہو چکی تھی ۔ سینٹرل پنجاب نے تیسرے روز کے کھیل کا آغاز 96 رنز 5 کھلاڑی آئوٹ سے کیا ۔ سعد نسیم گزشتہ روز کے اسکور میں 7 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد آئوٹ ہو گئے، انہوں نے 21 رنز بنائے جبکہ علی شان 6 رنز پر آئوٹ ہو ئے ۔ سینٹرل پنجاب کی اننگز کی خاص بات احمد صفی کے ناٹ آئوٹ83رنز تھے، انہوں نے60گیندوں پر 6 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے جارحانہ اننگز کھیلی ۔ سندھ کی جانب سے ابرار احمد نے 40 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ شاہنواز دھانی نے 3اور محمد عمر نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں بلوچستان نے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 400 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنالئے ہیں ۔ اس طرح خیبر پختونخواہ کی میچ پر گرفت مضبوط ہو چکی ہے اور اسے میچ جیتنے کے لیے 4 وکٹیں درکار ہیں ۔ایاز تصور 17 اور عمید آصف 8 رنز پر بیٹنگ کر رہے ہیں ۔ علی وقاص نے 44 اور اویس ضیا نے 43 رنز بنائے ہیں ۔