پولیس کارروائیوں میں منشیات فروش 3 سگی بہنوں سمیت 22 گرفتار

220

کراچی (اسٹاف رپورٹر)رپولیس نے شہر کے مختلف مقامات پر کی گئی کارروائیوں کے دوران 22ملزمان کو گرفتار کرلیا،گرفتار شدگان میں 3 منشیات فروش سگی بہنیں اور شہری کواغواء کرنے والا بھی شامل ہے۔سرجانی ٹائون پولیس نے ادھار دی گئی رقم پر سو وصولی کے لیے جاوید نامی شخص کو اغوا کرنے والے ملزم محب اللہ کو گرفتارکر کے مغوی کوبازیا ب کروالیا،تاہم ملزم کا ساتھی عصمت اللہ خان موقع سے فرار ہو گیا۔ابراہیم حیدری پولیس نے خفیہ اطلاع پر الیاس گوٹھ سے منشیات فروشی میں ملوث 3 بہنوں اسماء ، روبینہ اور اقراء کوگرفتار کرلیا جن کے قبضے سے ساڑھے تین کلو سے زائد چرس برآمد ہوئی ۔گلبرگ پولیس نے رہزنی کی وارداتوں میں ملوث 2ملزمان رشد ولد اکرم اور قمر ولد نظام کو گرفتار کرلیا،جن کے قبضے سے چھینی گئی مسروقہ موٹرسائیکل ، نقد رقم، موبائل فون اور دیگر سامان برآمد ہو۔اتحاد ٹائون پولیس نے بینکوں سے کیش لیکر نکلنے والے لوگوں کو لوٹنے والے 3 رکنی ڈکیت گینگ کے ملزمان ساحر ،سلیمان اور کاشف کو گرفتار کرلیا۔ فیروز آباد پولیس نے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ملزم یاسر ولد حمید کو گرفتار کرلیا سہراب گوٹھ پولیس نے اسٹریٹ کرائم کی درجنوں سے زائد وارداتوں میں ملوث ملزم سبیل ولد امیر خان کو گرفتار کر لیا۔محمود آباد پولیس نے چنیسر گوٹھ سے2 شراب سپلائر سلیم چاند ولد رزاق اور ا راجیش ولد لال چندکو گرفتار کرلیا ۔تھانہ کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے شاہ فیصل کالونی میںچھاپا مار کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل چوروں کے ایک 6رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا ، سرجانی پولیس نے لڑکیوں کو محبت کا جھانسہ اور سہانے خواب دکھا کر اغواکرکے لڑکیوں کو وڈیروں اور امیر زادوں کو فروخت کرنے والے ملزم کو گرفتار کرکے ایک لڑکی کو بازیا ب کروالیا ۔ماڈل تھانہ فیروز آباد کی خفیہ اطلاع پر کارروائی ،سرکاری یونیورسٹی اور نجی یونیورسٹی کے دو طالبعلم اور رکشا ڈرائیور گرفتار کرکے دو کلو گرام سے زائد منشیات برآمد کرلی ۔