اسلام کیخلاف ففتھ جنریشن وار کا آغاز ہوگیا ‘ مجلس وحدت

256

کراچی (اسٹاف ر پورٹر )مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے کراچی میں ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی و ضلعی عہدیداران اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امت مسلمہ کو لاتعداد چیلنجز کا سامنا ہے۔ہمیں بطور مسلمان عالم اسلام کے دشمنوں اور بطور پاکستانی ارض پاک کے دشمنوں کا ہر محاذ پر مقابلہ کرنا ہو گا۔ دانشور، صحافی، سوشل ایکٹوسٹ، علما، تاجر سب پر یہ ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے ملک و مذہب کے دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے کاوشیں جاری رکھیں۔عالم اسلام کے خلاف ففتھ جنریشن وار کا آغاز ہو چکا ہے سوشل میڈیا کے ذریعے لڑی جانے والی اس جنگ میں سب نے مجاہدانہ کردار ادا کرنا ہے۔جدیدٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کرکے سوشل میڈیا کو دشمن کے خلاف اپنا مورچہ بنا لیں۔یہ بات سب کو ذہن نشین رکھنی ہو گی کہ کسی کے مقدسات کی توہین حرام ہے۔ہمیں ایک دوسرے کے خلاف صف آرا ہونے کے بجائے دشمنوں کے خلاف باہم ہو کر بابصیرت کردار ادا کرنا ہو گا۔