ن لیگ نے 13دسمبر کے جلسے میں استعفوں کے اعلان کا عندیہ دے دیا

531
اتحادیوں کی منت سماجت کرنے سے حکومت کی نا اہلی ثابت ہوتی ہے، مریم نواز

 

لاہور،فیصل آباد( نمائندہ جسارت،خبر ایجنسیاں ) ن لیگ نے 13 دسمبر کے جلسے میں استعفوں کے اعلان کا عندیہ دیدیا۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز، شہباز شریف ، اور حمزہ شہباز کے درمیان ہونیوالی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ مسلم لیگ کے 3بڑوں کا اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ پر اتفاق رائے ۔ 13دسمبر کو لاہور جلسے میں اسمبلیوں سے استعفے دینے کا بھی
امکان ۔ میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے بتا یا گیا ہے کہ لاہور میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمز ہ شہباز سے ملاقات کی جس میں انہوں نے پاکستان ڈیموکر یٹک مومنٹ( پی ڈی ایم ) جلوسوں سے متعلق تفصیلات سے آگا ہ کیا جبکہ شہباز شریف نے مریم نواز کو سیاسی معاملات کو چلانے سے متعلق مشورے بھی دیے۔ ذرائع کے حوالے سے بتا یا گیا ہے کہ13دسمبر کو لاہور میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے میں اراکین اسمبلی استعفے دینے کا اعلان کر سکتے ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کے تین بڑے رہنمائوں نے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے مسلم لیگ ( ن) کی نائب صدر مریم نواز نے شہباز شریف کی ہدایت سے متعلق اہم لیگی ارکان اسمبلی کو بھی آگاہ کر دیا ہے ۔علاوہ ازیںپارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے ۔بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز آئندہ ہفتے سے لاہور میںریلیوں کا آغاز کریں گی ،سات دسمبر کو مریم نواز شمالی لاہور میں ریلی کی قیادت کریں گی، 8 دسمبر کو خواجہ سعد رفیق کے حلقے میں کنونشن منعقد کیا جائے گا، 9 دسمبر کو ماڈل ٹائون سے داتا دربار تک یوتھ موٹر سائیکل ریلی نکالی جائے گی ،10د سمبر کو مریم نواز شریف فیروز پور روڈ سے داتا دربار تک ریلی کی قیادت کریں گی۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی پلان تیار کر کے پارٹی کی اعلی قیادت کو بھجوا دیا گیا ہے۔دریں اثناء مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے لانگ مارچ ہو گا یا استعفے آئیں گے فیصلہ 8دسمبر کو پی ڈی ایم کے جلسے میں ہو گا، حکومت سیاسی مقدمات درج کرنے کا ورلڈ ریکارڈ قائم کر رہی ہے ، نواز شریف کو مشورہ دیا کہ اپنا اور اس نااہل ٹولے کا بھی علاج کریں۔ فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے اندازے سے پی ڈی ایم رہنمائوں اور کارکنوں کے خلاف جعلی مقدمات بنا رہی ہے جلسے ہو ں گے اور اگر جلسوں میں کسی قسم کی گڑبڑ کی گئی تو اس کی ذمہ دار انتظامیہ کی نہیں بنی گالہ کی ہو گی ہم انتظامیہ کو خبر دار کر تے ہیں کہ وہ بنی گالہ کے احکامات پر توجہ نہ دیں۔ راناثناء اللہ کا کہنا تھا کہ 13دسمبر کو لاہور کا جلسہ ہر صورت ہو گا اگر ملتان کی طرح لاہورمیں بھی حالات خراب کرنے کی کوشش کی گئی تو کوئی تصادم ہو سکتا ہے جس کی تما م تر ذمہ داری حکومت کی ہو گی