نوازشریف کو اشتہاری قرار دینے کا حکم نامہ جاری

352

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں اشتہاری قرار دینے کا حکم نامہ جاری کردیا.

العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیراعظم نوازشریف کو اشتہاری قرار دینے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا، تحریری حکم نامے کے مطابق نوازشریف جان بوجھ کر عدالتی کارروائی کا حصہ نہیں بن رہے حالانکہ نوازشریف کو عدالت میں پیش ہونے کا بار بار موقع دیا گیا.

تحریری حکم نامے کے مطابق نوازشریف بیرون ملک گئے اور واپس نہیں آئے، نوازشریف نوٹسز، وارنٹ گرفتاری اور اخبارات میں اشتہارات کے باوجود پیش نہ ہوئے جبکہ انہیں عدالتی طلبی اور کیس میں پیشی کا علم ہے.

عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ  نوازشریف کےخلاف ضابطہ فوجداری کی دفعہ87 کے تحت کارروائی مکمل ہے سابق وزیراعظم کو العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسزمیں اشتہاری قراردیا جاتا ہے، نوازشریف کےضامنوں کیخلاف 514 کے تحت کارروائی عمل لائی جائے گی اور نوازشریف کی ضمانت پررہائی کیلئے ضامنوں کو شوکاز نوٹس جاری کیے جاتے ہیں جبکہ آئندہ سماعت میں نوازشریف کے ضامن پیش ہوں.

اسلام آباد ہائیکورٹ کے تحریری حکم نامے کہا گیا ہے کہ نوازشریف کے ضامن پیش ہو کر بتائیں کہ ان کیخلاف کارروائی اورضمانتی مچلکے کیوں ضبط ناں کیےجائیں؟

واضح رہے کہ 2 روز قبل اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے نواز شریف کی ایون فیلڈ ریفرنس اور العزیزیہ اسٹیل ملز کیس میں سزا کے خلاف دائر اپیلوں پر سماعت کی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو ایون فیلڈ ریفرنس اور العزیزیہ اسٹیل ملز کیس میں اشتہاری قرارد دیا تھا ۔ عدالت نے نواز شریف کے ضمانتیوں کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیے تھے اور ان سے جواب طلب کیا ہے کہ کس طرح ایک شخص کی انہوں نے ضمانت دی اور وہ شخص عدالت کے بار بار طلب کرنے کے باوجود پیش نہیں ہورہا اور اپنے مقدمات کی پیروی نہیں کررہا۔