کینیڈین وزیراعظم کا بھارتی کسانوں کے حق میں بیان بھارت کو پسند نہ آیا

407

نئی دہلی: کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا بھارتی کسانوں کے حق میں بیان بھارت کو پسند نہ آیا، کینیڈین ہائی کمشنر کو بھارتی وزارت خآرجہ نے طلب کرلیا

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت کی وزارت خارجہ نے بھارت میں تعینات کینیڈا کے ہائی کمشنر کو طلب کرکے آگاہ کیا کہ کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو، ان کی کابینہ کے وزرا اور قانون سازوں کی جانب سے بھارتی کسانوں سے متعلقہ امور پر بیانات بھارت کے اندرونی امور میں ناقابل قبول مداخلت ہیں۔

کینیڈا کے سفیر کو جاری سفارتی مراسلے میں کہا گیا کہ اگر اس طرح کے اقدامات جاری رہے تو بھارت اور کینیڈا کے تعلقات پر سنگین نقصان دہ اثرات مرتب ہوں گے، مراسلے میں مزید کہا گیا کہ ان بیانات سے کینیڈا میں بھارتی ہائی کمیشن اور قونصل خانے کے سامنے انتہا پسندانہ سرگرمیوں پر مبنی اجتماعات کی حوصلہ افزائی ہوئی جس سے تحفظ اور سلامتی کے مسائل پیدا ہوئے۔

بھارتی وزارت خآرجہ نے کہا کہ ہم کینیڈا کی حکومت سے امید کرتے ہیں کہ وہ بھارتی سفارتی عملے اور اس کے سیاسی رہنماؤں کی مکمل حفاظت کو یقینی بنائے گی اور ایسے بیانات دینے سے باز رہیں گے جو انتہا پسندانہ سرگرمیوں کو جائز قرار دیتے ہوں۔