نیٹو کی خفیہ میٹنگ میں پومپیو نے کیا کہا، چند عہدیداروں نے افشاں کردیا

349

امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے نیٹو کی ایک خفیہ میٹنگ سے خطاب کیا جس میں انہوں نے ترکی اور روس کے مابین بڑھتی ہوئی اسلحہ کی تجارت پر تشویش کا اظہار کیا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر نیٹو کے پانچ سفارتکاروں اور عہدیداروں نے کہا کہ مائیک پومپیو نے نیٹو کی میٹنگ میں کہا کہ ترکی کا روس سے اسلحہ خریدنا پریشان کُن ہے۔

پومپیو کا یہ بھی کہنا تھا کہ ترکی یونان اور قبرص کے ساتھ گیس کے وسائل سے متعلق تنازعہ میں مشرقی بحیرہ روم میں ناٹو کی سلامتی کو نقصان پہنچا رہا ہے اور عدم استحکام پیدا کررہا ہے۔

واضح رہے کہ اگرچہ شام اور لیبیا میں ترک فوجی مداخلت کو لے کر امریکہ اور دیگر نیٹو اتحادیوں کے درمیان طویل عرصے سے اختلافات ہیں تاہم متعدد ماہرین کہتے ہیں کہ یہ اختلافات نیٹو اتحاد کو کمزور کرسکتے ہیں۔