کورونا وائرس: آج ملک بھر میں یوم دعا منایا جائے گا

319

اسلام آباد: آج یوم دعا ہے … صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کورونا وائرس کے ملک میں تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر آج (جمعہ 4 دسمبر) ملک بھر میں یوم دعا منانے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی وبا کورونا وائرس سے نجات پانے کیلئے ملک بھر میں آج یوم دعا منایا جائیگا جبکہ آج نماز جمعہ کے اجتماعات میں کورونا سے بچاو اور تحفظ کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جائیگا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہےکہ آج 4 دسمبر کو یوم دعا منایا جائے گا، نماز جمعہ کے اجتماعات میں کورونا وائرس کی وبا کی دوسری لہر سے تحفظ کے لئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی اور نماز جمعہ کے خطبات میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کےلئے خصوصی بیانات دئیے جائیں گے۔

صدر مملکت  کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وبا کی دوسری لہر پر علما نے تشویش کااظہار کیا ہے، مساجد میں ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنیا جائے گا اور عوام کی آگاہی کے لئے میڈیا بھی اپنا کردار ادا کرے۔

صدر مملکت کا کہنا تھاکہ علما اکرام نے اپیل کی ہے کہ کچھ عرصہ کے لئے جلسہ جلوسوں کو موخر کردیاجائے جبکہ علما نے متفقہ طور پر 17 اپریل کے ایس او پیز پر عملدر آمد کا اعادہ کیا ہے۔

واضح رہے گزشتہ روز صدر مملکت کی زیرصدارت اجلاس میں علما نے مساجد میں ایس او پیز پر عملدرآمد پر زور دیا ہے جبکہ جو ایس او پیز آپ نے 17 اپریل کو طے کیے تھے، ان کا علما نے دوبارہ اعادہ کیا ہے اور ہاتھ دھونے، ماسک پہننے کے ساتھ ساتھ صفیں بناتے ہوئے اس میں بھی فاصلہ برقرار رکھا جائے گا۔

سردیوں میں مساجد میں قالین کے استعمال کے حوالے انہوں نے کہا کہ معاون خصوصی برائے صحت نے کہا ہے کہ بہتر ہے کہ قالین نہ ہوں لیکن اگر رکھنے ہیں تو یہ قالین اسپرے کر کے رکھے جائیں اور ساتھ ساتھ لوگوں کو اپنے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا کہ وہ اپنے ساتھ رومال رکھتے ہیں تاکہ اسے سجدے کی جگہ پر رکھا جا سکے۔