کراچی میں سی این جی اسٹیشنز 24 گھنٹے کیلئے بند

360

کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی نے کراچی سمیت سندھ بھر میں آج ہفتے کی صبح 8 بجے کھلنے والے سی این جی اسٹیشنز 24 گھنٹوں کے لیے بند کردیے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر کے سی این جی اسٹیشنز 24 گھنٹوں کے لئے بند کردیئے گئے ہیں جبکہ  سندھ کے تمام اسٹیشنز صبح 8 سے ہفتہ کی صبح 8 بجےتک بند رہیں گے اور رواں ہفتے میں تیسری بارسی این جی اسٹیشنز کو گیس کی ترسیل بند کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق رواں ہفتےاب تک تیسری بارسی این جی اسٹیشنزکوگیس کی ترسیل بند کی گئی ہے جبکہ آر ایل این جی پر چلنے والے اسٹیشن بدستور کھلے رہیں گے اور آر ایل این جی اسٹیشنز کو گیس کی ترسیل بلا تعطل جاری رہے گی۔

ایس ایس جی سی ترجمان کا کہناہےکہ مختلف گیس فیلڈزسے سسٹم میں موصول ہونے والی گیس کی مقدار میں کمی کا سامنا ہے، کم پریشرکی وجہ سے گھریلو صارفین اور کمرشل سیکٹرکی طلب پوری کرنے میں انتہائی دشواری کا سامنا ہے جس کے بعد سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی بند کی ہے۔

واضح رہے مختلف علاقوں میں کورنگی، سائٹ  نارتھ کراچی اور سپرہائی وے میں گیس پریشرمیں کمی، رہائشی علاقوں میں گیس بندش کی شکایات کی جا رہی ہیں جبکہ لیاری جہاں آباد، عیدو لین نوا لین اورچاکیواڑہ کےعلاقوں میں گیس بندش جاری ہے۔

دوسری جانب شیر شاہ پنکھا ہوٹل، اردوبازار کباڑی مارکیٹ کےاطراف کے علاقے،  بلدیہ سعید آباد، 24 مارکیٹ اورمتصل علاقوں میں گیس کی بندش جاری ہے۔

اورنگی ٹاؤن ساڑھے گیارہ، دعاچوک، لئیق آباد، قصبہ اردونگرکےعلاقے،  نیو کراچی دعاچوک، سیکٹر11 اورسیکٹر 9 کےعلاقے  گیس کی بندش کے باعث متاثر ہوئے ہیں۔

منگھو پیرمیں بھی متعدد علاقوں میں گیس بندش کی شکایات کی جا رہی ہیں جبکہ  بنارس اورسائٹ کےعلاقوں میں بھی گیس بندش کی شکایات کی جا رہی ہیں اس کے ساتھ  قائدآباد، گلشن بونیر، لانڈھی 89، لانڈھی 4  اور کورنگی ڈھائی میں گیس کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔

واضح رہے شہر کے مختلف علاقوں میں گیس کی آنکھ مچولی نے عوام کیلئے کھانا پکانا مشکل تر بنا دیا ہے جبکہ  متعدد ہوٹلوں میں گیس نہ ہونے سے ایل پی جی سلنڈرز اور کوئلوں کا استعمال کیا جارہا ہے۔