ٹی ای او ڈگری کا اساتذہ کے ساتھ رویہ افسوسناک ہے، نعیم تالپور

271

ڈگری (نمائندہ جسارت) پ ٹ الف تعلقہ ڈگری کے زیر اہتمام ٹی ای او کی زیادتیوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے سے تعلقہ صدر میر نعیم تالپور، ضلع جنرل سیکرٹری منظور احمد چیلیو، غلام مرتضیٰ چانڈیو، امجد سنگھیڑا اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلقہ ایجوکیشن آفیسر (ٹی ای او) تعلقہ ڈگری طارق کاکا کا اساتذہ کے ساتھ رویہ انتہائی افسوسناک ہے۔ طارق کاکا کی جانب سے اساتذہ کو مختلف طریقوں سے ہراساں کرنے کے ساتھ ساتھ دور دراز کے علاقوں میں تبادلے کرنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ اساتذہ نے الزام لگایا کہ ان کے آفس میں موجود 6 لوہے کی الماریاں بنا کوٹیشن کباڑ میں فروخت کردی گئیں۔ ان کا یہ عمل غیر قانونی ہے۔ الماریوں کی فروخت سے تعلقے کا تمام ریکارڈ ضائع ہوجانے کا خدشہ ہے۔ مظاہرین اساتذہ نے صوبائی وزیر تعلیم اور محکمہ تعلیم کے افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ تعلقہ ایجوکیشن کیخلاف فوری طور پر قانونی کارروائی عمل میں لاکر اساتذہ میں پھیلی ہوئی بے چینی کا خاتمہ کیا جائے۔