محکمہ آبپاشی کی اراضی سے قبضے و گزار کرائے جائیں ،ڈی سی جیکب آباد

227

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) محکمہ آبپاشی کی اراضی پر تجاوزات کے خاتمے کے لیے اجلاس۔ جیکب آباد میں آبپاشی کی اراضیوں پر قائم آبادیوں کے متعلق ایک اجلاس ڈپٹی کمشنر جیکب آباد غضنفر علی قادری کی ہدایت پر ای سی جیکب آباد شہزاد احمد ساہی کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں محکمہ انہار کے حکام مختارکار غلام عباس سدھایو،، انچارج کچی آبادیز اتھارٹی اسد اللہ سومرو ودیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ انہار کے افسران نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کے احکامات ہیں کہ جہاں پر محکمے کی زمین پر قبضے ہیں واگزار کرائے جائیں، جیکب آباد راج واہ پر قبضے ہیں وہ خالی کرائے جائیں۔ اجلاس میں مختارکار جیکب آباد غلام عباس سدھایو نے محکمہ انہار کی جانب سے 1989ء میں محکمہ کچی آبادی کو جاری کی گئی این او سی پیش کی اور کہا کہ راج واہ کے کناروں پر قائم سیکڑوں گھر اور دکانیں کچی آبادی کی ملکیت ہیں، جن کے پاس آنر شپ سرٹیفکیٹ جوائنٹ ڈیمارکیشن، نقشے نوٹیفکیشن موجود ہیں اور ریگو لائزیشن ورک جاری ہے۔ اسد اللہ سومرو نے کہا کہ راج واہ اور لاڑواہ کچی آبادیز ڈپارٹمنٹ کی ملکیت اور نوٹیفائیڈ کچی آبادیاں ہیں، جن پر قابض لوگوں کو مالکانہ حق دینے کا عمل تاحال جاری ہے، جس پر اسسٹنٹ کمشنر شہزاد احمد نے کہا کہ اگر محکمہ انہار کی این او سی چاہیں تو ڈپارٹمنٹ سے تصدیق کرائی جاسکتی ہے۔ انچارج کچی آبادی راج واہ پر قائم دکانوں اور گھروں کا سروے کرکے رپورٹ پیش کریں کہ کتنے فیصد لوگوں نے مالکانہ حقوق حاصل کیے ہیں، جن کے پاس نہیں انہیں قانون کے مطابق نوٹس جاری کرکے کچی آبایز سے مالکانہ حقوق کے لیے پراسس جاری کریں۔