میرپور خاص، حبیب بینک سے دی جانے والی کفالت رقوم پر پابندی

277

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر میرپور خاص سلامت میمن نے احساس کفالت پروگرام کی دوسری قسط کی شروعات کے بعد ایس او پیز کی خلاف ورزی پر حبیب بینک سے دی جانے والی رقوم پر پابندی عائد کردی، تمام بینیفشریز کو اب صرف احساس کفالت مراکز سے ہی رقم فراہم کی جاسکے گی۔ احساس کفالت پروگرام کی دوسری قسط کے تحت بینیفشریز کو 12 ہزار روپے کی رقم دینے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے، جس کے لیے ضلع بھر میں 26 کفالت مراکز قائم کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ حبیب بینک سے بھی رقم دینے کا سلسلہ جاری ہے لیکن گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر سلامت میمن نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مشتاق شاہ لکھیاری کے ہمراہ اچانک چاندنی چوک پر موجود حبیب بینک کا دورہ کیا، جہاں سیکڑوں مرد اور خواتین موجود تھے، جو بنا کسی سماجی فاصلے اور ماسک کے وہاں موجود تھے اور لنک ڈائون ہونے کے باعث رقم کی فراہمی کا سلسلہ بھی تھما ہوا تھا، جس پر ڈپٹی کمشنر نے فوری طور پر حبیب بینک سے بینیفشریز کو دی جانے والی احساس کفالت کی رقم دینے کا سلسلہ بند کرادیا۔