لاڑکانہ: احساس کفالت کے دو فرنچائز مالکان سمیت 9 افراد گرفتار

244

 

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ شہر کے احساس کفالت سینٹر میں مستحق خواتین کی رقم سے کٹوتی کا سلسلہ رک نہ سکا، پولیس نے کٹوتی کے الزام میں دو فرنچائز مالک اور سات ایجنٹوں سمیت 9 افراد کو گرفتار کرکے رقم اور موبائل فونز برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ لاڑکانہ شہر کے مختلف علاقوں میں قائم احساس کفالت پروگرام سینٹر میں گزشتہ روز بھی مستحق خواتین کا رش رہا، جہاں دیہات سے آئی ہوئی خواتین کی جانب سے ایک دوسرے کو دھکے دے کر رقم کے حصول کے لیے کوشش کی گئی، تاہم چند خواتین نے تھانہ مارکیٹ پہنچ کر گورنمنٹ پی وی اسکول میں قائم سینٹر پر ایجنٹوں کی جانب سے 500 سے ایک ہزار روپے تک کٹوتی کی شکایت کی، جس پر پولیس نے متعلقہ سینٹر پہنچ کر دو فرنچائز مالکان اور سات ایجنٹوں جس میں عامر چانڈیو، ظفر عباس، اختیار علی، مظہر علی، سلمان شیخ، اظہر حسین چانڈیو، سجن خان جلبانی اور نصراللہ چانڈیو کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے موبائل فونز اور 50 ہزار روپے سے زائد کٹوتی کی گئی رقم برآمد کرکے انہیں تھانے منتقل کرنے کے بعد مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔