ایس بی سی اے جھڈو میں انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے ، خورشید قائمخانی

369

 

جھڈو (نمائندہ جسارت) جھڈو کے شہری و سماجی رہنماؤں حاجی خورشید علی قائم خانی، ڈاکٹر شمشاد علی، اظہر جمیل آرائیں، حاجی فضل الرحمن میمن، محمد علی ناگوری، حاجی شمشاد راجپوت، حنیف تاج، ندیم نواب و دیگرنے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے جھڈو شہر میں مارکیٹوں اور عمارتوں کو سیل کرنے کے غیر قانونی اقدامات پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اسے ایس بی سی اے کا رشوت کے ریٹ بڑھانے کے لیے شہریوں پر دبائو ڈالنے کا طریقہ قرار دیا ہے۔ ایس بی سی اے کی اس غیر قانونی کارروائی کیخلاف جھڈو کے شہری بھرپور اور شدید مزاحمت کریں گے۔ رہنمائوں نے کہا کہ ایس بی سی اے اتھارٹی کو غیر منظور شدہ گھریلو وتجارتی عمارتوں اور مارکیٹوں کو سیل کرنے کا قانون میں کوئی اختیار حاصل ہی نہیں ہے۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے اہلکار نوٹس دینے کے بعد شہریوں سے رشوت طلب کرتے تھے، رشوت نہ دینے پر ان کیخلاف غیر قانونی طور پر انتقامی کارروائی کی گئی ہے۔ جھڈو کے شہری و سماجی رہنماؤں نے کہا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی اس کارروائی کا مقصد شہریوں پر رشوت کے لیے دبائو ڈالنا ہے، جسے قطعی طور پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔ جھڈو کے شہری رہنماؤں نے حکام بالا سے فوری نوٹس لے کر ملوث کرپٹ افسران کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔