جیکب آباد میں خسرہ کی وبا پھیل گئی، دو بچے جاں بحق

261

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد میں محکمہ صحت کی غفلت، خسرہ کی وبا پھیل گئی، دو معصوم فوت، سات بچے خسرہ میں مبتلا، محکمہ صحت کے حکام نہ جاگے۔ جیکب آباد کے علاقے ٹھل میں محکمہ صحت کی لاپروائی کی وجہ سے خسرہ کی وبا پھیل گئی ہے۔ ٹھل کے قصبہ رامن کھوسو میں 6 ماہ کا ابوبکر مرہیٹو فوت ہوگیا، اس طرح ایک ہفتے میں خسرہ کی وبا نے دو معصوموں کی جان لے لی جبکہ قصبہ عبدالکریم کھوسو میں ایک ہی گھر میں سات بچے 6 سالہ حمیرہ، 4 سالہ جمال الدین، ایک سالہ احمد علی، 4 سالہ ثمینہ، 7 سالہ عائشہ، عبدالمالک اور ایک سالہ فضیلہ خسرہ میں مبتلا ہوگئے۔ مذکورہ دیہات میں خسرہ کی وبا تیزی سے پھیل رہا ہے اور محکمہ صحت مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔ خسرہ سے بچائو کے حفاظتی ٹیکے نہ لگانے کی وجہ سے خسرہ کا مرض تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اس سلسلے میں ڈی ایچ او جیکب آباد احمد بخش جکھرانی سے رابطے کی کوشش کامیاب نہ ہوسکی۔