ـ5مرتبہ کی ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا سپر لیگ میں سرفہرست

137

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آسڑیلین کرکٹ ٹیم اپنی سر زمین پر بھارتی کرکٹ ٹیم کو 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز میں2-1 سے شکست دیکر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) سپر لیگ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پرپہنچ گیا۔ایرون فنچ کی قیادت میں کھیلنے والی آسڑیلیا کی کر کٹ ٹیم کو اگرچہ کینبرا میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ون ڈے میں بھارتی ٹیم کے ہاتھوں13رنز سے شکست ہو گئی۔تاہم پہلے 2 میچ جیتنے کی بنیاد پر کینگرو کے دیس کی ٹیم نے سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔ جولائی میں شروع ہو نیوالی آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ میں یہ 5 مرتبہ کی ورلڈ چمپئن ٹیم آسڑیلیا کی دوسری سیریز تھی۔ جولائی میں آسڑیلیا نے انگلینڈ کے خلاف 3 ون ڈے کی سیریز بھی 1-2 کے مارجن سے اپنے نام کی تھی۔بھارت کے خلاف سیریز میں فتح کیساتھ آسڑیلیا اب پوائنٹس ٹیبل پر 4 فتوحات کے ساتھ 40 پوائنٹس لے کر پہلے نمبر پر آگیا جبکہ ورلڈ چمپئن انگلینڈ کی ٹیم 10 پوائنٹس کے فرق سے دوسرے نمبر پر ہے۔اکتوبر نومبر میں زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز 1-2 سے جیتنے والی پاکستان ٹیم کا تیسرا نمبر ہے۔یاد رہے پہلی مرتبہ متعارف کروائی جا نے والی آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ میں 13 ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہے، پوائنٹس ٹیبل پر موجود پہلی 7 ٹیمیں 2023 ء آئی سی سی ورلڈ کپ میں براہ راست شرکت کی اہل ہوں گی۔دیگر 6 ٹیمیں 2020ء میں فائنل رائونڈ کھیلیں گی، جس میں 2 ٹیموں کا انتخاب ہوگا، جب کے ٹورنامنٹ کی میزبان بھارت براہ راست آئی سی سی ورلڈ کپ کھیلنے کی اہل ہو گی۔