بزنس مین پینل شکست دیکھ کر بوکھلا رہا ہے،زبیر طفیل

178

کراچی (اسٹاف رپورٹر) یونائٹیڈ بزنس گروپ (یوبی جی )کے سیکرٹری جنرل زبیرطفیل،ایف پی سی سی آئی کے سینئرنائب صدر محمدحنیف گوہر،سابق سینئرنائب صدرسید مظہرعلی ناصر،سابق نائب صدر طارق حلیم نے کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی میں برسراقتدار گروپ اپنی ٹوٹ پھوٹ سے اور 30دسمبر کے فیڈریشن چیمبر الیکشن میں اپنی متوقع شکست دیکھ کر بوکھلا رہا ہے اوریو بی جی پربزنس مین پینل کے رہنما ئوںکی بہتان تراشیاں فیڈریشن چیمبر کے انتخابات میں ان کی ایک بار پھر متوقع شکست کا ماتم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔یونائٹیڈ بزنس گروپ کے رہنمائوں نے کہا کہ بزنس مین پینل کے امیدواروں نے پاکستان بھر میں دورے کیے ہیں جن میں انہیں اپنی اہمیت اورحمایت کا اندازہ ہوچکا ہے کیونکہ تمام ہی شہروں میں بزنس کمیونٹی نے ان امیدواروں کو مسترد کیا ہے،برسر اقتدار گروپ کے پٹے ہوئے مہرے ایک بار پھر بزنس کمیونٹی کو بہلانے کی کوششوں میں مصروف ہیں مگر بزنس مین پینل کے رہنمارواں سال کی اپنی بدترین کارکردگی کے ذریعہ اب زیادہ دیر فیڈریشن ہائوس میں قابض نہیں رہ سکتے۔انہوں نے کہا کہ یو بی جی کے نامزد کردہ صدارتی امیدوار خالد تواب، سینئرنائب صدر کے امیدوار عبدالرئوف مختار اور تمام نائب صدور کے امیدواروں نے پاکستان کے تمام ہی شہروں کے کامیاب دورے کیے ہیں۔یو بی جی رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان کی کاروباری برادری ایک بار پھر یو بی جی کے لیڈران ایس ایم منیر اور افتخار علی ملک کی قیادت میں متحدہوچکی ہے۔