گنے کی کٹائی سے چینی کی قیمت مزید کم ہونے کا امکان

246

اسلام آباد(کامرس ڈیسک)سندھ اور پنجاب میں گنے کی فصل کی کٹائی کی ابتدا کے بعد ریٹیل مارکیٹ میں چینی کی قیمتوں میں تقریباً 20 فیصد تک تیزی سے کمی دیکھی جارہی ہے۔ وزیراعظم نے بھی چینی کی فی کلو گرام قیمتوں میں 20 روپے تک کمی آنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوششوں سے چینی کی ‘ایکس مل’ قیمتوں میں 20 روپے تک کمی آئی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ‘میں نے صوبائی حکومتوں کو گنے کے کاشت کاروں کو چینی کی قیمتوں کی منصفانہ اور فوری ادائیگی کرنے کے لیے کہا ہے’۔حالیہ اقدامات اور درآمد شدہ چینی کی وجہ سے ملک بھر کی ریٹیل اور ہول سیل مارکیٹوں میں موجود چینی کے ذخیرے کے باعث صورت حال میں تبدیلی کا اثر دیکھا جاسکتا ہے۔کراچی ریٹیل گراسیریز گروپ کے چیئرمین فرید قریشی کا کہنا تھا کہ ‘پچھلے دنوں چینی کی اوسطاً ریٹیل قیمت 100 روپے تھی اور اب یہ 85 روپے فی کلوگرام ہوگئی ہے’۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘اس کی وجہ ہول سیل مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی ہے اور ہم اْمید کررہے ہیں کہ اس ہفتے کے دوران ہول سیل قیمت 75 روپے سے 78 روپے کے درمیان ہوجائے گی۔