ـ53فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی

222

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک مارکیٹ میںجمعرات کو ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیااورسرمایہ کاروں کی جانب سے محتاط طرز عمل اختیار کرنے کے باعث کے ایس ای100انڈیکس 20.34پوائنٹس کے اضافے سے 42047.72 پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیاتاہم53.75فیصد کمپنیوںکے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی جس کے باعث سرمایہ کاروںکو 2 ارب 79 کروڑ 31 لاکھ روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا جب کہ حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی بدھ کی نسبت 11.85فیصدکم رہا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میںگزشتہ روز ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی سرمایہ کار تذبذب کا شکار نظر آئے جس کے نتیجے میں وقفے وقفے سے حصص کی خرید وفروخت کے رجحانات تبدیل ہوتے رہے اور دوران ٹریڈنگ کے ایس ای100انڈیکس42410پوائنٹس کی بلند سطح اور 42008پوائنٹس کی نچلی سطح پر ریکارڈ کیا گیا۔ اتار چڑھائو کا سلسلہ دن بھر جاری رہا اور کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس 20.34 پوائنٹس کے اضافے سے 42047.72 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس1.72 پوائنٹس کے اضافے سے29409.49 پوائنٹس پر بند ہوا۔