گولڈن شیک ہینڈ کے نام پر ملازمین کو فارغ کرنا دھوکاہے‘ حافظ نعیم

346

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے پاکستان اسٹیل ملز کے 4500سے زاید ملازمین کی غیر قانونی جبری برطرفی کے خلاف پاکستان اسٹیل
مل کے محنت کشوں کے احتجاج اورجدوجہدکی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 23لاکھ کے فراڈ گولڈن شیک ہینڈ کے نام پر ہزاروں محنت کشوں کو ملازمتوں سے محروم کرنا بدترین دھوکا ہے،50 فیصد سے زاید ملازمین کو بمشکل 4لاکھ روپے ہی ملیں گے جس سے کچھ نہیں ہوسکے گا، جماعت اسلامی پاکستان اسٹیل مل کے ملازمین کے ساتھ کھڑی ہے، ملازمین کے مسائل لیے پہلے بھی قانونی و سیاسی جنگ لڑی ہے، آئندہ بھی ان کے حقوق اور ادارے کی بحالی کی جدوجہد جاری رہے گی،وزیر اعظم عمران خان اور اسد عمر اقتدار میں آنے سے پہلے پاکستان اسٹیل کے سامنے بڑے اعتماد سے کہتے تھے وہ حکومت میں آکر اسٹیل ملز کو بحال اور ملازمین کو تحفظ فراہم کریں گے، لیکن اب وہ خود ملازمین کو فارغ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اسٹیل مل قومی ادارہ ہے،پاکستان اسٹیل کے قیام پر اربوں روپے خرچ ہوئے ہیں، 2001ء سے 2008ء تک مسلسل منافع بخش ادارہ رہاہے، قومی خزانے میں اربوں روپے کی رقم ٹیکسز کی مد میں جمع کرائی گئی تھی، لیکن حکمران پارٹیوں کی مداخلت اور بدعنوانی کے باعث ادارہ تباہ ہوگیا۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان نے اسٹیل مل کے ملازمین کو برطرف کر کے ہزاروں خاندانوں کے منہ سے نوالہ چھین لیا،جبری برطرفی ہزاروں ملازمین کا معاشی قتل اور سراسر ظلم و زیادتی ہے،افسوس کہ وزیراعظم عمران خان اپنے دیگر دعدوں اور دعوئوں کی طرح پاکستان اسٹیل مل کو بحال کرنے، ملازمین کے روز گار کو تحفظ دینے اور ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات ادا کرنے کے وعدوں کو بھی پورا کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہماری عدالت عالیہ اور عدالت عظمیٰ سے بھی درخواست ہے کہ وہ اس سنگین صورتحال کا نوٹس لے اور غریبوں کو بے روزگار ہو نے سے بچایا جائے اور جن لوگوں کو فارغ کر دیا گیا ہے، انہیں بحال کیا جائے، اس سے قبل بھی عدالت عظمیٰ نے نجکاری کو کالعدم قراردیا تھا۔