دورہ نیوزی لینڈ: پاکستان شاہینزاور نیوزی لینڈ اے کا میچ منسوخ

409

پاکستان شاہینز اور نیوزی لینڈ اے کے درمیان پہلا 4 روزہ پریکٹس میچ منسوخ ہوگیا.

نیوزی لینڈ اے اور پاکستان شاہینز کے درمیان پہلا 4 روزہ کرکٹ میچ منسوخ ہوگیا ہے اوراس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ اور نیوزی لینڈ بورڈ نے مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا ہے.

پی سی بی کے مطابق پاکستان شاہینز اور نیوزی لینڈ اے کا واحد 4 روزہ میچ 17 دسمبرسےشروع ہوگا اور ہر رکن کو نیوزی لینڈ کی وزارت صحت کی منظوری درکار ہوگی جبکہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پہلا میچ پی سی بی کی درخواست پرمنسوخ کیا گیا.

قومی اسکواڈ میں شامل تمام ارکان 8 دسمبر کو کوئنز ٹاؤن روانہ ہوں گے اور کوئنزٹاؤن میں نیوزی لیند ٹیم اور پاکستان شاہینزالگ الگ ہوٹلوں میں قیام کریں گے، قومی ٹیم اب کوئنز ٹاؤن میں انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچز کھیلے گا.

پاکستان شاہینز کا اسکواڈ 14 دسمبر کو کوئنز ٹاؤن سے وانگرائے اور پھر15دسمبر کو کوئنز ٹاؤن سے آکلینڈ روانہ ہوگا، اور پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ 18 دسمبر کو آکلینڈ میں ہوگا.

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ سے 4 روزہ کرکٹ میچ ملتوی کرنے کی اپیل کی تھی، چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کی کرکٹ نیوزی لینڈ کو ای میل میں میچ ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی جس میں انہوں نے کہا کہ کھلاڑی ایک ہفتے سے مسلسل کمروں تک محدود ہیں، کرکٹرز کی صحت اور ذہنی حالت میچ کھیلنے کی اجازت نہیں دیتی، کھلاڑی آئسولیشن کے بعد میچ کے لیے تیار نہیں اور کھلاڑی مسلسل کمروں میں رہ کر اکتاہٹ کاشکارہیں۔

پاکستان اے کا 4 روزہ میچ 10 دسمبر کو کوئینز ٹاؤن میں ہونا ہے۔ ٹیسٹ ٹیم کے شان مسعود، عابدعلی، فوادعالم، یاسرشاہ، محمدعباس، نسیم شاہ نے میچ کھیلنا تھا۔ پاکستانی شاہینوں نے 8 دسمبر کو کرائسٹ چرچ سے کوئنزٹاؤن جاناہے اگر میچ ملتوی ہوتا ہے تو پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کی تیاریاں متاثرہوں گی۔

خیال رہے کہ قومی اسکواڈ میں شامل 8 ارکان کے کوویڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی اور 8 میں سے 2 ارکان کو ہسٹورک یعنی نان انفیکشیس کیسز قراردیا گیا ہے جس پر پاکستان اسکواڈ کے ارکان کرائسٹ چرچ میں آئسولیشن کی مدت مکمل کررہے ہیں.

دورہٴ نیوزی لینڈ پر پہنچنے والی ٹیم پاکستان کے ایک ہفتے سے زیادہ قیام کے دوران تین کووڈ 19 کے ٹیسٹ ہوچکے ہیں اور ٹیم بدستور ہوٹل کے کمروں تک محدود ہے۔