اسحاق ڈار سمیت متعدد افراد کے خلاف کرپشن کیسز کی انکوائری منظوری

110

اسلام آباد: نیب نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار سمیت متعدد افراد کے خلاف کرپشن کیسز کی انکوائری کی منظوری دے دی ہے جبکہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے خلاف بھی انوسٹی گیشن کی منظوری دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں  ڈپٹی چیئرمین نیب سمیت دیگر حکام  نے شرکت کی جبکہ اجلاس میں میگا کرپشن کیسز سمیت دیگر اہم کیسز کا جائزہ لیا گیا۔

 نیب ایگزیکٹو بورڈ نے دو نیب ریفرنسز اور سات انکوائریزکی منظوری دے دی۔

جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب اجلاس میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان مہدی شاہ کے خلاف کرپشن کیسزکی انکوائری کی منظوری دے دی گئی ہے جبکہ  سابق ڈائریکٹر سی ڈی اے اسد اللہ فیض سمیت دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی  بھی منظوری دی گئی ہے۔

نیب کے مطابق سی ڈی اے حکام پر کلینک کا پلاٹ کمرشل مقاصد کے لیے الاٹ کرنے کا الزام ہے۔

اجلاس میں سابق سفیر اے ایس بابر ہاشمی سمیت دیگر کے خلاف کرپشن ریفرنس دائر کرنے کی اور  سید طلعت محمودچیف ایگزیکٹیو آفیسر زید ٹی بی ایل، سابق رکن پنجاب اسمبلی  ملک تنویر اسلم اعوان اور دیگر کے خلاف انکوائری کی بھی منظوری دی گئی ہے ۔

دوسری جانب چیئر مین نیب کا کہنا تھا کہ  نیب احتساب سب کے لیے کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے اور کرپشن فری پاکستان نیب کی اولین ترجیح ہے جبکہ  پاکستان اسپورٹس بورڈ افسران  کے خلاف بھی انوسٹی گیشن کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔