بھارتی دہشتگردی کو عالمی سطح پر مزید اجاگر کریں گے، ڈی جی آئی ایس پی آر

418

ڈی جی آئی ایس پی آرمیجرجنرل بابرافتخار کا کہنا ہے کہ بھارتی ریاستی دہشتگردی کیخلاف رکیں گے نہیں، عالمی سطح پر اس سنگین معاملے کو مزید آگے لے جائیں گے.

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی)  میجر جنرل بابر افتخار نے گلوبل ویلیج اسپیس کو انٹرویو میں ایل او سی صورتحال، سی پیک، اور ففتھ جنریشن وارفیئر پر تفصیلی گفتگو کی.

میجرجنرل بابر افتخار نے کہا کہ پاکستان بھارت کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہونے کے ثبوت سامنے لایا، فارن آفس نے ڈوزیئر کوپی 5 میں پیش کیا اور پھر اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل کو پیش کیا گیا، بھارتی ریاستی دہشت گردی کے ثبوتوں کو عالمی برادری نے بہت سیریس لیا ہے.

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت افغان سرزمین کو استعمال کرکے سی پیک کو نشانہ بناتا ہے، ہم افغان قیادت سےاس مسئلے پر بات کرتے رہتے ہیں اور ایک باقاعدہ میکنزم موجود ہے، مگر صاف بتاؤں ہم افغان حکومت کے کیپیسٹی ایشوز کو تسلیم کرتے ہیں، اس لیے پاکستان کیخلاف افغان سرزمین استعمال ہونے پرافغان حکومت کو زیادہ الزام نہیں دیتے.

انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی ریاستی دہشتگردی کیخلاف ڈوزیئر کے اہم نکات اجاگر کیے اور کہا کہ ہم یہاں رکیں گے نہیں، عالمی سطح پر اس سنگین معاملے کو مزید آگے لے جائیں گے.

ڈی جی آئی ایس پی آرمیجرجنرل بابرافتخار کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک کو نقصان پہنچانے کی ہر بھارتی سازش کو ناکام بنائیں گے اور ہمارے چینی پارٹنرز سی پیک منصوبے کی سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہیں اور انشاءاللہ سی پیک ہر روز پہلے سے زیادہ ترقی کرے گا.