ٹنڈو آدم :پولیس تشدد کیخلاف سناروں کا احتجاج و دھرنا

267

ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) ٹنڈو آدم سٹی پولیس کی جانب سے صراف کی گرفتاری و تشدد کرنے کیخلاف، صرافوں نے تھانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ و دھرنا دے کر روڈ بلاک کردیا، الیکشن ملتوی کرانے کے لیے جھوٹا مقدمہ درج کرایا گیا۔ دھرنے کے باعث آنے جانے والی ٹریفک معطل، شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا۔ ٹنڈو آدم سٹی پولیس کے اہلکاروں نے صراف شاہد معین انصاری کو دکان سے گرفتار کرکے تھانے پر لا کر مبینہ تشدد کا نشانہ بنانے پر صرافوں نے سٹی تھانے پر احتجاجی مظاہرہ و دھرنا دے دیا ۔ علاوہ ازیں صراف زاہد شیخ پر سٹی تھانے پر صرافی جیولرز ایسویسی ایشن کے سابق صدر افضل اکرام قریشی کے فرزند فیصل قریشی کی فریاد پر قرض کے سات لاکھ نوے ہزار روپے طلب کرنے پر دونوں کے مابین جھگڑا کرنے کی رپورٹ درج کرائی گئی۔ صراف کی گرفتاری و تشدد کیخلاف ورثاء و صرافوں کی بڑی تعداد نے سٹی تھانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ و دھرنا دے دیا اور پولیس کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر رہنماؤں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ سابق صدر نے الیکشن ملتوی کرانے کے لیے ہمارے نوجوان شاہد معین انصاری پر جھوٹا مقدمہ درج کیا ہے جبکہ رہنماؤں نے پولیس پر تشدد کرنے کا بھی الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے دکان سے گرفتار کر کے تھانے پر لانے کے بعد تشدد کا نشانہ بھی بنایا، لہٰذا صراف کو آزاد اور ہمارے ساتھ انصاف کیا جائے۔ دوسری جانب فریادی فیصل قریشی نے بتایا کہ میرے شاہد انصاری پر سات لاکھ نوے ہزار روپے قرض ہے، جو چھے ماہ سے نہیں دے رہا تھا، آج قرض طلب کرنے گیا تو میرے ساتھ جھگڑا کیا، اس مسئلے کا صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے انتخابات سے کوئی واسطہ نہیں ہے۔ علاوہ ازیں صرافوں کے دھرنے کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو رہ گیا، گاڑیوں کی لمبی قطار لگنے کے باعث شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔