سیاسی کشیدگی کاخاتمہ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے،لالہ انور زیب

174

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر لالہ انور زیب خان یوسف زئی نے کہا ہے کہ جمہوری عمل کا تقاضا ہے کہ حکومت بلاروک ٹوک اپوزیشن کو جلسے کرنے کی اجازت دے اور وزیراعظم سمیت دیگر وزراء کو اشتعال انگیز بیان بازی سے گریز کرنا چاہیے۔ ملتان میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے کے حوالے سے اپنی آراء کا اظہار کرتے ہوئے ان
کا کہنا ہے کہ حکومت کی ناقص حکمت عملی اور غیر دانشمندانہ اقدامات کی وجہ سے اس جلسے کو بھرپور پذیرائی ملی ہے۔ حکومتی اراکین کے بے سروپا بیانات کی وجہ سے یہ جلسہ اپنے انعقاد سے قبل ہی ملکی اور بین الاقوامی خبروں اور تبصروں کی زینت بن گیا تھا۔ حکومت کی جانب سے پابندی کے باوجود جلسے میں قائدین کا خطاب اپوزیشن کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اے این پی سمجھتی ہے کہ پاکستان میں موجود سیاسی کشیدگی کاخاتمہ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ اس وقت مفاہمتی سیاست اور مفاہمتی حکمرانی ہی ملک کو سیاسی ا نتشار سے نجات دلاسکتی ہے۔ حکومت کی جانب سے دیے جانے والے جارحانہ بیانات صورتحال کو مزید بگاڑ کی طرف لے جانے کا سبب بن رہے ہیں۔